بنگلورو۔11؍اپریل(ایس او نیوز) ریاستی حکومت نے تمام سرکاری اسپتالوں میں گردوں کے مریضوں کیلئے جنہیں ڈیالیسس ضروری ہے ، ڈیالیسس خدمات مفت مہیا کرانے کے احکامات جاری کردئے ہیں۔ ریاستی حکومت کی طرف سے اس سلسلے میں جاری حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ ڈیالیسس کا مریض چاہے وہ کسی بھی طبقے سے وابستہ کیوں نہ ہو اس سے کچھ بھی دریافت کئے بغیر سرکاری اسپتالوں میں ڈیالیسس خدمات مفت مہیا کرائی جائیں۔ ریاستی حکومت کے اس فیصلے کے سبب دونوں گردوں کے ناکام ہوجانے کے نتیجہ میں ڈیالیسس پر منحصرمریضوں کو کافی سہولت ہوگی۔ ریاستی محکمۂ صحت وخاندانی بہبود کے تحت چلنے والی 20ضلع اسپتالوں ، تین جنرل اسپتالوں ، 30 تعلقہ جنرل اسپتالوں اور نئے شروع ہونے والے 114تعلقہ اسپتالوں کو یہ حکمنامہ روانہ کیا گیا ہے۔ان تمام مرکز میں عوامی اور نجی اشتراک سے ڈیالیسس مشینیں مہیا کرانے کیلئے حکومت کی طرف سے کئے گئے ایم او یو پر عمل کرتے ہوئے اور ساتھ ہی نیشنل اربن اور رورل ہیلتھ مشن کے ذریعہ ان مراکز کو ڈیالیسس کی مشینیں مہیا کرادی گئی ہیں۔ بڑھتے ہوئے گردوں کے مریضوں کی تعداد کو دیکھتے ہوئے ریاستی حکومت نے یہ سہولت عام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس سلسلے میں حکومت کی طرف سے جاری سرکیولر میں واضح کیا گیا ہے کہ کسی بھی سرکاری اسپتال میں اگر ڈیالیسس کیلئے رقم کا تقاضہ کیاگیاتو رقم مانگنے والوں کے خلاف قانوناً کارروائی کی گنجائش بھی رہے گی۔