ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہندوؤں کو بیف خور قرار دئے جانے پر متالک چراغپا

ہندوؤں کو بیف خور قرار دئے جانے پر متالک چراغپا

Fri, 30 Jun 2017 15:04:18    S.O. News Service

بنگلورو،29؍جون(ایس او نیوز)ریاست کے مشہور اڈپی پیجاور مٹھ کے سربراہ وشویشور تیرتھا سوامی نے کہا ہے کہ ان دنوں ہندوؤں کی ایک بڑی اکثریت بھی بیف خور ہے۔ سوامی جی کا بیان ہندو بنیاد پرستوں کو چراغپا کرنے کا سبب بنا ہے۔ اس معمر سوامی کی حقیقت پسندی پر اپنی سخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے ہندو بنیاد پرست تنظیم سری رام سینا کے سربراہ پرمود متالک نے کہاکہ یہ سوامی شاید دماغی توازن کھوچکے ہیں اس طرح کے بیان سے انہوں نے ہندوؤں کی توہین کی ہے جس کیلئے انہیں معذرت کرنی چاہئے۔ حال ہی میں پیجاور مٹھ سوامی کی طرف سے مٹھ کے احاطہ میں دعوت افطار اور نماز مغرب کے اہتمام پر سخت اعتراض کرتے ہوئے متالک نے کہاکہ مٹھ کے احاطہ میں نماز کا اہتمام کرکے سوامی نے مٹھ کو ناپاک کردیاہے۔ اس کے خلاف 2؍ جولائی کو ریاست گیر پیمانے پر سری رام سینا احتجاجی تحریک چلائے گی۔ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے متعلق پرمود متالک نے کہاکہ وہاں نہ صرف رام مندر بنے گا بلکہ ایودھیا یا ملک کے کسی بھی مقام پر بابر سے منسوب کوئی مسجد تعمیر ہونے نہیں دی جائے گی۔ پیجاور مٹھ کے سوامی کی طرف سے اس بیان پر بھی کہ ایودھیا کے متنازعہ مقام پر رام مندر کی تعمیر کرنے دے دی جائے اور اس سے قریب ہی کہیں بابری مسجد تعمیر کرلی جائے۔پرمود متالک نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہندو مفادات کی حفاظت کی بجائے یہ سوامی مسلمانوں کے خوف کا شکار ہوچکے ہیں۔


Share: