بنگلورو، 22 دسمبر (ایس او نیوز): ریاستی الیکشن کمیشن نے نئے تشکیل دیے گئے شہری بلدیاتی اداروں میں عام انتخابات، مختلف وجوہات کی بنا پر خالی ہوئی نشستوں پر ضمنی انتخابات، اور وجئے نگر ضلع کے ہوسپیٹ تعلقہ کی سیتارام تانڈا گرام پنچایت کے عام انتخابات کے لیے انتخابی شیڈول کا اعلان کیا تھا، جس کے مطابق، متعلقہ شہری بلدیاتی اداروں اور گرام پنچایت میں 21 دسمبر 2025 کو انتخابات پُرامن انداز میں منعقد ہو کرمکمل ہوگئے۔ ادارہ وار اور ضلع وار ووٹنگ کے تفصیلی اعداد و شمار ریاستی الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ https://karsec.gov.in پر جاری کر دیے گئے ہیں۔
ریاستی الیکشن کمیشن کے تحت سیکریٹری کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ 24 دسمبر 2025 کو ووٹوں کی گنتی متعلقہ بلدیاتی اداروں کے مرکزی دفاتر یا تعلقہ مراکز میں صبح 8 بجے سے شروع ہوگی۔
عام انتخابات 2025:
بنگلورو دیہی ضلع کے دوڈّابالاپور تعلقہ میں واقع باشیٹّیہلّی شہری بلدیاتی ادارہ (ٹاؤن پنچایت) کے کل 19 وارڈوں میں ووٹنگ ہوئی، جہاں 81.34 فیصد رائے دہی درج کی گئی۔
جنوبی کنڑا ضلع کے منگلورو تعلقہ میں بجپے شہری بلدیاتی ادارہ (پٹن پنچایت) کے 19 وارڈوں میں ووٹنگ ہوئی، جس میں 69.18 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی۔ اسی ضلع کے مُلکی تعلقہ میں واقع کِنّی گولی شہری بلدیاتی ادارہ (پٹن پنچایت) کے 18 وارڈوں میں 68.89 فیصد ووٹنگ درج کی گئی۔
اتر کنڑا ضلع کے ہوناور تعلقہ میں واقع منکی شہری بلدیاتی ادارہ (پٹن پنچایت) کے 18 وارڈوں میں ووٹنگ ہوئی، جہاں 76.57 فیصد رائے دہی ہوئی۔
ضمنی انتخابات 2025:
بنگلورو دیہی ضلع کے دوڈّبالاپور تعلقہ میں واقع دوڈّبالاپور شہری بلدیاتی ادارہ (سٹی میونسپل کونسل) کے 19 وارڈوں میں ضمنی انتخابات کے دوران 67.11 فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی۔
رائچور ضلع کے سندھنور تعلقہ میں تُروے ہال پٹن پنچایت کے 4 وارڈوں میں ووٹنگ ہوئی، جہاں 79.98 فیصد رائے دہی درج کی گئی۔
گرام پنچایت عام انتخابات:
رائچور ضلع کے ہوسپیٹ تعلقہ میں واقع سیتارام تانڈا گرام پنچایت کے 8 رکن نشستوں کے لیے ووٹنگ ہوئی، جس میں 88.11 فیصد ووٹر ٹرن آؤٹ ریکارڈ کیا گیا۔
ریاستی الیکشن کمیشن کے مطابق تمام انتخابات پُرامن طور پر منعقد ہوئے اور ووٹوں کی گنتی کے بعد نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔