بنگلورو، 10 جون (ایس او نیوز/ایجنسی): محبت اور جنون کے نام پر ایک المناک واقعہ اُس وقت پیش آیا جب بنگلورو کے پورنا پرگنا لے آؤٹ علاقے میں واقع ایک ہوٹل روم میں شادی شدہ خاتون کو اس کے مبینہ عاشق نے بے دردی سے قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق 36 سالہ ہرینی نامی خاتون کو اُس کے عاشق یشس نے چاقو کے 17 وار کر کے موقع پر ہی موت کے گھاٹ اُتار دیا۔
ہرینی، جو دو بچوں کی ماں اور شادی شدہ تھی، کچھ عرصہ قبل ایک مقامی میلہ میں یشس سے ملی تھی۔ فون نمبر کے تبادلے کے بعد دونوں کے درمیان تعلقات بڑھنے لگے اور بات ملاقاتوں، فون کالز اور ڈیٹنگ تک جا پہنچی۔ رپورٹوں کے مطابق دونوں کے درمیان جسمانی تعلقات بھی قائم ہو چکے تھے۔
معاملہ اُس وقت پیچیدہ ہو گیا جب ہرینی کے شوہر داسے گوڈا کو اس ناجائز تعلق کا علم ہوا۔ انہوں نے ہرینی کا فون ضبط کر کے اسے گھر پر قید کر دیا، لیکن کچھ ہی عرصے بعد ہرینی گھر سے نکل کر دوبارہ یشس سے رابطے میں آ گئی۔ 6 جون کو دونوں نے ایک ہوٹل میں ملاقات کی، جہاں کسی بات پر جھگڑا ہوا اور یشس نے طیش میں آکر ہرینی پر چاقو سے حملہ کر دیا۔
قتل کے بعد یشس موقع واردات سے فرار ہو گیا، مگر سبرامنیا پورہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یشس نے ابتدائی تفتیش میں جرم قبول کر لیا ہے اور بتایا ہے کہ ہرینی کی جانب سے تعلقات ختم کرنے کی کوشش نے اُسے اشتعال دلایا، جس کے نتیجے میں اُس نے یہ ہولناک قدم اٹھایا۔
فارنسک ٹیم نے جائے واردات سے اہم شواہد اکٹھا کر لیے ہیں اور پولیس اس واقعے کے تمام پہلوؤں کی گہرائی سے جانچ کر رہی ہے تاکہ اس تعلق کے پس منظر اور دیگر ممکنہ محرکات کا بھی پتہ لگایا جا سکے۔