ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کابینی اجلاس نندی ہلز سے بنگلورو منتقل، کسانوں میں ناراضگی کی لہر

کابینی اجلاس نندی ہلز سے بنگلورو منتقل، کسانوں میں ناراضگی کی لہر

Wed, 18 Jun 2025 20:01:17    S O News

بنگلورو، 18 جون (ایس او نیوز / ایجنسی): ریاستی حکومت نے 2025 کے تیرہویں کابینی اجلاس کے انعقاد کے مقام میں اچانک تبدیلی کرتے ہوئے اجلاس کو نندی ہلز (ضلع چکبالاپور) کے بجائے بنگلورو کے ودھان سودھا میں منتقل کر دیا ہے۔ اس فیصلے سے نندی ہلز اور اس سے متصل اضلاع کے عوام، خصوصاً کسانوں میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی ہے، جو اس اجلاس کو اپنی ترقی کے لیے ایک اہم موقع سمجھ رہے تھے۔

اس سلسلے میں حکومت کے ایڈیشنل سکریٹری (کابینہ) آر چندرشیکھر کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق، کابینی اجلاس جو کہ 19 جون، بروز جمعرات، دوپہر 12 بجے نندی ہلز میں منعقد ہونے والا تھا، اب بنگلورو کے ودھان سودھا میں کابینی ہال میں ہوگا۔

خیال رہے کہ نندی ہلز میں کابینی اجلاس کے انعقاد سے چکبالاپور، بنگلور رورل اور کولار اضلاع کے لیے خصوصی ترقیاتی گرانٹس دیے جانے کی امید کی جا رہی تھی۔ کسان تنظیموں نے مطالبہ کیا تھا کہ اجلاس کے موقع پر بنگلور رورل ضلع میں جاری اراضی حصولی کے منصوبوں کو روکا جائے اور ان اضلاع کے لیے مستقل آبپاشی اسکیموں کو ترجیح دی جائے۔

تاہم اجلاس کے مقام کی اچانک تبدیلی نے ان توقعات پر پانی پھیر دیا ہے، اور کسان طبقے میں ناراضگی پائی جا رہی ہے۔ حکومت کی جانب سے اجلاس کی منتقلی کی وجوہات واضح نہیں کی گئیں، جس پر مختلف حلقوں کی جانب سے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔


Share: