ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / اندرا گاندھی کو ہٹلر سے تشبیہ دینے پر کرناٹک بی جے پی کے خلاف ایف آئی آر، کانگریس کا شدید اعتراض

اندرا گاندھی کو ہٹلر سے تشبیہ دینے پر کرناٹک بی جے پی کے خلاف ایف آئی آر، کانگریس کا شدید اعتراض

Thu, 26 Jun 2025 18:01:58    S O News

بنگلورو، 26 /جون (ایس او نیوز) سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کو نازی لیڈر ہٹلر سے تشبیہ دینے والے سوشل میڈیا پوسٹ پر کرناٹک بی جے پی کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ یہ کارروائی سینئر کانگریس لیڈر ایس منوہر کی شکایت پر کی گئی۔

بی جے پی کے آفیشل ایکس (سابق ٹوئٹر) ہینڈل سے بدھ کو ایک 38 سیکنڈ کی ویڈیو شیئر کی گئی، جس میں ایمرجنسی دور کو موضوع بنایا گیا تھا، اور کیپشن میں لکھا تھا: "INDIRA ≠ INDIA, INDIRA = HITLER"۔ اس پوسٹ میں اندرا گاندھی کی تصویر کو ایڈولف ہٹلر جیسا دکھایا گیا تھا۔ تاہم، شدید تنقید کے بعد پوسٹ کو ہٹا دیا گیا۔

شکایت میں کہا گیا کہ یہ پوسٹ نہ صرف سابق وزیر اعظم کی توہین ہے بلکہ سماج میں انتشار پیدا کرنے اور مذہبی و کمیونٹی سطح پر دشمنی کو ہوا دینے کی کوشش بھی ہے۔

پولیس نے بھارتیہ نیایا سنہیتا کی دفعہ 192 (فساد کی نیت سے اشتعال دلانا) اور 353 (عوامی بدامنی کو بڑھاوا دینے والے بیانات) کے تحت کیس درج کر لیا ہے، اور تفتیش جاری ہے۔

بی جے پی نے ایمرجنسی کے 50 سال مکمل ہونے پر 25 جون کو "سموِدھان ہتیا دوس" (آئین قتل دن) کے طور پر منایا۔ پارٹی نے ایمرجنسی کو بھارتی جمہوریت کا سیاہ باب قرار دیتے ہوئے اندرا حکومت پر آئینی اقدار اور شہری آزادیوں کو روندنے کا الزام لگایا۔

یاد رہے، 25 جون 1975 کو ایمرجنسی نافذ کی گئی تھی، جو 21 مہینے تک جاری رہی۔ اس دوران بنیادی حقوق معطل، میڈیا پر سینسرشپ اور اپوزیشن لیڈران کی گرفتاری جیسے سخت اقدامات کیے گئے تھے۔


Share: