ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / حج 2026 روانگی تقریب: وزیر اعلیٰ سدارامیا کا امن، بھائی چارے اور انسانیت کی خدمت پر زور

حج 2026 روانگی تقریب: وزیر اعلیٰ سدارامیا کا امن، بھائی چارے اور انسانیت کی خدمت پر زور

Tue, 05 May 2026 13:37:49    S O News
حج 2026 روانگی تقریب:  وزیر اعلیٰ  سدارامیا کا امن، بھائی چارے اور انسانیت کی خدمت پر زور

بنگلورو، 5/ مئی (ایس او نیوز /ایجنسی) وزیر اعلیٰ سدارامیا نے حجاج کرام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی عبادات اور دعاؤں میں ریاست کی ترقی، امن اور خوشحالی کو بھی شامل کریں۔ انہوں نے کہا کہ حج کا سفر نہ صرف ایک عظیم روحانی فریضہ ہے بلکہ انسانیت، اخوت اور مساوات کا عملی پیغام بھی ہے۔ کرناٹک حج کمیٹی کے زیر اہتمام حج-2026 کے عازمین کے فضائی سفر کے آغاز کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے تمام حجاج کے لیے کامیاب اور محفوظ سفر کی دعا کی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اسلام کے پانچ بنیادی ارکان میں حج کو خصوصی اہمیت حاصل ہے اور ہر صاحبِ استطاعت مسلمان پر زندگی میں ایک بار اس کی ادائیگی فرض ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حج انسان کو روحانی پاکیزگی عطا کرتا ہے اور یہ احساس دلاتا ہے کہ انسانیت کی خدمت اور دوسروں کی بھلائی ہی حقیقی عبادت ہے۔

انہوں نے قرآن کے پیغام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک بے گناہ انسان کا قتل پوری انسانیت کے قتل کے مترادف ہے، جبکہ ایک جان بچانا پوری انسانیت کو بچانے کے برابر ہے۔ اس لیے ہر انسان کو محبت، برداشت اور بھائی چارے کے اصولوں کو اپنانا چاہیے۔

سدارامیا نے زور دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی مذہب میں تشدد کی تعلیم نہیں دی جاتی، بلکہ انسان خود نفرت کو فروغ دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت ہی اصل مذہب ہے اور جو لوگ دوسروں کی بھلائی چاہتے ہیں، اللہ ان کی حفاظت کرتا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اپنے مذہب سے محبت کے ساتھ دیگر مذاہب کے لیے بھی رواداری ضروری ہے۔

انہوں نے آئینِ ہند کے بنیادی اصولوں—بھائی چارہ، مساوات اور ہم آہنگی—کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدار معاشرے کو مضبوط بنانے کے لیے ناگزیر ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے یہ بھی اعلان کیا کہ حکومت اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں کلبرگی اور ہبلی میں حج بھون کی تعمیر کا منصوبہ شامل کیا گیا ہے، تاکہ حجاج اور ان کے اہل خانہ کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اقلیتی برادری خصوصاً تعلیم کے شعبے میں مزید مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، تاکہ معاشرے کے ہر طبقے کو ترقی کے یکساں مواقع حاصل ہوں۔

CM Siddaramaiah Inaugurates Haj Pilgrimage Ceremony-2


Share: