بنگلور، 18/ جون 2025 (ایس او نیوز): آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے زیر اہتمام آئندہ ماہ بنگلور میں منعقد ہونے والی عظیم الشان ”وقف بچاؤ، دستور بچاؤ کانفرنس“میں ریاست کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدرامیا کو شریک ہونے کی دعوت دی گئی ہے اور بورڈ کی جانب سے پریس ریلیز کے مطابق وزیر اعلیٰ نے کانفرنس میں شرکت کے لیے اپنی رضامندی اور آمدگی کا گرمجوشی سے اظہار فرمایا ہے اور اور وفد کو مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔
بورڈ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق وفد نے وزیر اعلیٰ کو اوقافی جائیدادوں کو درپیش خطرات، غیر منصفانہ حکومتی پالیسیوں اور وقف قوانین میں مجوزہ ترامیم پر مسلمانوں میں پائی جانے والی بے چینی سے بھی آگاہ کیا۔جبکہ وزیر اعلیٰ نے اس ضمن میں وفد کی تشویشات کو بغور سنا اور ان کے مناسب حل کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر ریاستی وزیر برائے ہاؤسنگ اقلیتی بہبود و اوقاف جناب بی زیڈ ضمیر احمد خان، وزیر اعلیٰ کے سیاسی مشیر جناب نصیر احمد موجود تھے۔ وفد میں بورڈ کی وقف بچاؤ، دستور بچاؤ تحریک، کرناٹک کے اہم ذمہ داران بالخصوص مفتی افتخار احمد قاسمی (صدر جمعیۃ علماء کرناٹک و رکن بورڈ)، مولاناڈاکٹر محمد مقصود عمران رشادی (امام و خطیب سٹی جامع مسجد بنگلور)، جناب ڈاکٹر سعد بلگامی (امیر جماعت اسلامی ہند، کرناٹک)، جناب محب اللہ خان امین (جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء کرناٹک)، جناب عاصم افروز سیٹھ (رکن بورڈ)، مولانا نوشاد عالم قاسمی (صدر ملی کونسل کرناٹک)، جناب محمد یوسف کنی (سکریٹری جماعت اسلامی ہند،کرناٹک)، مولانا محمد شاکر اللہ رشادی (خطیب عیدگاہ بلال بنگلور)، جناب فیاض احمد شریف (سی ای او وزڈم اسکول)، مولانا وحید الدین خان (مجلس العلماء کرناٹک)، جناب محمد فرقان (ڈائریکٹر مرکز تحفظ اسلام ہند)، وغیرہ شامل رہے۔
Related News: