بینگلورو، یکم جون (ایس او نیوز) دکشن کنڑا، اڈپی اور اتر کنڑا جیسے ساحلی اضلاع میں پیش آ رہے ناخوشگوار واقعات کے تعلق سے حقائق کا پتہ لگانے اور حالات کا جائزہ لینے کے لئے کرناٹکا پردیش کانگریس کمیٹی نے ایک وفد تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔
ساحلی کرناٹکا کے مجوزہ دورے نکلنے والے اس وفد میں اے آئی سی سی کے سیکریٹری سید ناصر حسین، کے پی سی سی ورکنگ صدر منجو ناتھ بھنڈاری، رکن اسملی این اے حارث، اے آئی سی سی سیکریٹری روزی جان، کے پی سی سی نائب صدر وی آر سدرشن، سابق ایم ایل اے کیمنے رتناکر اور سابق رکن پارلیمان جئے پرکاش ہیگڑے شامل ہیں ۔
کرناٹکا پردیش کانگریس کمیٹی کے ریاستی صدر ڈی کے شیوکمار نے بتایا کہ ساحلی اضلاع میں پیش آنے والے معاملات میڈیا کے ذریعے قتل، لوٹ مار، فرقہ وارانہ فسادات جیسے عنوانات سے نشر ہو رہے ہیں ۔ اسی وجہ سے ان اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے وہاں کے مقامی لیڈروں کے تعاون سے متاثرین سے ملاقات کرکے ان کے احوال اور واقعات کے پس پردہ حقائق کی جانکاری حاصل کرنے کے مقصد سے یہ وفد تشکیل دیا گیا ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ یہ وفد سماج کے تمام طبقات سے تعلق رکھنے والے عوام، تنظیموں اور اداروں کے نمائندوں اور دیگر لوگوں سے ملاقات کرکے تمام واقعات کی تفصیلات حاصل کرے گا اور ایک ہفتے کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گا ۔