ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کرناٹک میں آئی اے ایس افسران کے بڑے پیمانے پر تبادلے، کئی اضلاع کو ملے نئے ڈپٹی کمشنر

کرناٹک میں آئی اے ایس افسران کے بڑے پیمانے پر تبادلے، کئی اضلاع کو ملے نئے ڈپٹی کمشنر

Wed, 18 Jun 2025 11:05:05    S O News
کرناٹک میں آئی اے ایس افسران کے بڑے پیمانے پر تبادلے،  کئی اضلاع کو ملے نئے ڈپٹی کمشنر

بنگلورو، 18 جون (ایس او نیوز/ایجنسی)حکومتِ کرناٹک نے ریاستی انتظامیہ میں اعلیٰ سطحی رد و بدل کرتے ہوئے آئی اے ایس افسران کے بڑے پیمانے پر تبادلے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ اس اقدام کے تحت 15 سے زائد سینئر افسران کو فوری اثر کے ساتھ نئی ذمہ داریوں پر تعینات کیا گیا ہے۔

سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق، باگل کوٹ کی ڈپٹی کمشنر جانکی کے ایم کو تبدیل کرکے کرناٹک پبلک سروس کمیشن، بنگلورو کی سیکریٹری مقرر کیا گیا ہے، جب کہ ہاسن کی ڈپٹی کمشنر ستیہ بھاما سی کو ریاستی پروجیکٹ ڈائریکٹر، سمرگر شکشنا کرناٹک بنایا گیا ہے۔ ان کی جگہ بنگلورو اربن ضلع پنچایت کی سی ای او لتا کماری کے ایس کو ہاسن کی نئی ڈپٹی کمشنر مقرر کیا گیا ہے۔

محکمہ دیہی ترقیات و پنچایت راج میں ای-گورننس کی ڈائریکٹر سوروپا ٹی کے کو اُڈپی کی ڈپٹی کمشنر کے طور پر تعینات کیا گیا ہے۔ اسی طرح، بی بی ایم پی میں اسپیشل کمشنر کے عہدے پر فائز ڈاکٹر اویناش مینن راجندرن کو مشن ڈائریکٹر، نیشنل ہیلتھ مشن اور ڈائریکٹر آف ہیلتھ، بنگلورو مقرر کیا گیا ہے۔

منگلورو (دکشن کنڑا) کے ڈپٹی کمشنر ملّی موہلن ایم پی کا تبادلہ کرکے انہیں انسپکٹر جنرل آف رجسٹریشن و کمشنر آف اسٹامپس، بنگلورو تعینات کیا گیا ہے۔ کوپل کے ڈپٹی کمشنر نلنی اتل کو کلیان کرناٹک ریجن ڈیولپمنٹ بورڈ کی سیکریٹری اور منصوبہ بندی کی جوائنٹ سیکریٹری، کلبرگی بنایا گیا ہے۔

درشن ایچ وی، جو محکمہ کمرشل ٹیکس میں ایڈیشنل کمشنر کے عہدے پر فائز تھے، کو دکشن کنڑا (منگلورو) کا نیا ڈپٹی کمشنر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ پوسٹنگ کے منتظر سنگپا کو باگل کوٹ کا ڈپٹی کمشنر بنایا گیا ہے۔

داونگیرے ضلع پنچایت کے سی ای او سریش بی اتنال کو کوپل ضلع کا ڈپٹی کمشنر مقرر کیا گیا ہے۔ اسی طرح، نیشنل ہیلتھ مشن کے مشن ڈائریکٹر ڈاکٹر نوین بھٹ کو ضلع پنچایت، چکبالاپور کا سی ای او تعینات کیا گیا ہے۔ گریما پانور، جو کسی پوسٹنگ کی منتظر تھیں، کو کرناٹک ہینڈلوم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی منیجنگ ڈائریکٹر بنایا گیا ہے۔

کوپل ضلع پنچایت کے سی ای او راہول رتنا پانڈے کو سینٹر فار اسمارٹ گورننس، بنگلورو کا ایگزیکٹو ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے۔ چکبالاپور ضلع پنچایت کے سی ای او پرکاش جی ٹی نٹالی کو ڈائریکٹر آف پبلک انسٹرکشن (مڈ ڈے میل)، بنگلورو بنایا گیا ہے۔

ورنیت نیگی، جو ہینڈلوم کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر کے عہدے پر تھے، کو کوپل ضلع پنچایت کا سی ای او مقرر کیا گیا ہے، جبکہ باگل کوٹ میں ریہیبلیٹیشن اینڈ ریسٹیلمنٹ کے جنرل منیجر گٹے مادھو وِتھل راؤ کو داونگیرے ضلع پنچایت کا سی ای او بنایا گیا ہے۔

تمام تبادلے فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے اور یہ احکامات محکمہ پرسنل و انتظامی اصلاحات کی جانب سے ریاستی گورنر کے نام پر جاری کیے گئے ہیں۔


Share: