ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / بیدر میں دل کی بیماریوں کے خلاف مہم تیز، صحت کیمپوں اور فوڈ سیفٹی پر زور — ایم پی ساگر کھنڈرے کی صدارت میں ڈسہا اجلاس

بیدر میں دل کی بیماریوں کے خلاف مہم تیز، صحت کیمپوں اور فوڈ سیفٹی پر زور — ایم پی ساگر کھنڈرے کی صدارت میں ڈسہا اجلاس

Wed, 09 Jul 2025 11:07:04    S O News

بیدر، 9 جولائی (ایس او نیوز)رکن پارلیمان ساگر ایشور کھنڈرے نے نوجوانوں میں بڑھتے ہارٹ اٹیک کے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ صحت کو ہدایت دی ہے کہ وہ دل کی بیماریوں کی روک تھام کے لیے ریاست بھر میں بیداری مہمات اور صحت کیمپوں کا انعقاد کریں۔ وہ منگل کو ضلع پنچایت کے اجلاس ہال میں منعقدہ ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کوآرڈینیشن اینڈ مانیٹرنگ کمیٹی (ڈسہا) کی میٹنگ کی صدارت کر رہے تھے۔

ایم پی کھنڈرے نے کہا کہ ذہنی دباؤ، غیر متوازن خوراک اور بدلتی طرزِ زندگی کی وجہ سے نوجوان طبقہ دل کے امراض کا تیزی سے شکار ہو رہا ہے، جو ایک خطرناک رجحان ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ طبی مراکز میں ہنگامی ادویات دستیاب رہیں، اسپتالوں کا عملہ مستعد ہو، اور عوام کو ایمرجنسی حالات میں کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا جائے۔ ضلع صحت افسر کو ایک ہفتے کے اندر ایمبولینس ڈرائیوروں کی قلت دور کرنے کی ہدایت بھی دی گئی۔

فوڈ سیفٹی پر سختی سے کارروائی کی تاکید کرتے ہوئے ایم پی نے سڑک کنارے غیر معیاری کھانے کی اشیاء اور ہوٹلوں میں ناقص غذا کی فروخت پر تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے فوڈ سیفٹی افسران کو ہدایت دی کہ اچانک معائنے کریں اور ثبوت کے ساتھ رپورٹس پیش کریں۔ جعلی کاسمیٹکس اور مشتبہ پیکنگ میں فروخت ہونے والی مصنوعات پر بھی کارروائی کی ہدایت دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ بیدر ریلوے اسٹیشن کے اطراف منشیات فروشی کے بڑھتے واقعات کو روکنے کے لیے پولیس کو متحرک کیا جائے۔ قومی شاہراہوں پر رات کے وقت پیش آنے والے حادثات پر بھی تشویش ظاہر کی گئی۔ محکمہ پی ڈبلیو ڈی، ٹریفک پولیس اور آر ٹی او کو ہجوم والے علاقوں میں رفتار کی حد، روڈ بریکرز، اور عکاس نشانات لگانے کی ہدایت دی گئی۔ بتایا گیا کہ ضلع میں 32 حساس مقامات کی نشاندہی کی جا چکی ہے جہاں فوری حفاظتی اقدامات ضروری ہیں۔

زراعت کے شعبے پر رپورٹ پیش کرتے ہوئے محکمہ زراعت کی جوائنٹ ڈائریکٹر دیویکا نے بتایا کہ اب تک 4.21 لاکھ ہیکٹر زمین پر فصلوں کی بوائی ہو چکی ہے، جن میں سویابین، تور، اُرد اور مونگ شامل ہیں۔ یوریا کھاد کی ضرورت 13,723 میٹرک ٹن ہے، جن میں سے 9,000 میٹرک ٹن سپلائی کی جا چکی ہے، جبکہ نینو یوریا کے استعمال کو بھی فروغ دیا جا رہا ہے۔

کسانوں نے شکایت کی کہ گزشتہ سال وزیراعظم فصل بیمہ یوجنا کے تحت پریمیم ادا کرنے کے باوجود انہیں معاوضہ نہیں ملا۔ اس پر ایم پی کھنڈرے نے افسران کو فوری کارروائی کی ہدایت دی۔

اجلاس سے قبل ایم پی کھنڈرے نے ضلع پنچایت کے احاطے سے فصل بیمہ یوجنا سے متعلق بیداری گاڑیوں کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ اس موقع پر ضلع کے 83 دیہی لائبریریوں کو انٹرنیٹ کنکشن اور نئی کتابوں کے کٹس بھی تقسیم کیے گئے۔ انہوں نے اسے دیہی بچوں اور قارئین کے لیے علمی ترقی کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا۔

اجلاس میں ضلع ڈپٹی کمشنر شلپا شرما، سی ای او ڈاکٹر گریش بادولے، ایس پی پردیپ گنٹی اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔


Share: