بنگلورو، 21 اگست (ایس او نیوز/ایجنسی):بنگلورو شہری ضلع کے ڈپٹی کمشنر جی۔ جگدیش نے واضح ہدایت دی ہے کہ سڑک قوانین توڑنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، خاص طور پر وہیلنگ کرنے والے نوجوانوں کا ڈرائیونگ لائسنس مستقل طور پر منسوخ کیا جائے اور ان کے خلاف مقدمے درج کیے جائیں۔
آج ڈپٹی کمشنر دفتر کے آڈیٹوریم میں منعقدہ ضلعی سطح کی روڈ سیفٹی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہر میں بچوں کے سڑک پار کرنے کے دوران حادثات میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ اس صورتحال پر قابو پانے کے لیے تمام اسکولوں میں سڑک حفاظتی اصولوں سے متعلق بیداری پروگرام منعقد کرنے کی ہدایت دی گئی تاکہ طلبہ میں احتیاط اور شعور بیدار ہو۔
ڈی سی نے کہا کہ اسکول انتظامیہ کو لازمی طور پر یہ یقینی بنانا چاہیے کہ بچے اسکول آیا (ملازمین) کے ساتھ سڑک پار کریں۔ اس کے علاوہ اسکول بس اور وین چلانے والے ڈرائیوروں کی سخت جانچ کی جائے اور کسی بھی گاڑی میں مقررہ تعداد سے زیادہ بچوں کو بٹھانے کی اجازت نہ دی جائے۔
اجلاس کے دوران ٹریفک حکام نے اطلاع دی کہ ہفتہ اور اتوار کے دن ہیببال فلائی اوور اور کُنیگل روڈ پر نوجوان بڑی تعداد میں وہیلنگ کرتے ہیں جس سے عوامی آمد و رفت متاثر ہوتی ہے۔ اس پر ڈپٹی کمشنر نے ہدایت دی کہ ان افراد کے خلاف سخت مقدمہ درج کر کے ان کے آر سی اور ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کر دیے جائیں۔
مزید برآں، ڈی سی نے حادثہ خیز مقامات کی نشاندہی کر کے وہاں "بلیک اسپاٹ" کے بورڈ نصب کرنے اور فوری امدادی اقدامات کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ان مقامات پر فوری ایمبولینس خدمات دستیاب رکھنے کے لیے جی پی ایس میپنگ کے ذریعے درست لوکیشن درج کی جائے۔ اس سلسلے میں ضلع ہیلتھ آفیسر اور ٹریفک حکام کو ضروری سڑک نقشہ فراہم کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔
ڈی سی نے یہ بھی کہا کہ آئندہ اجلاس میں ماہانہ پیش آنے والے حادثات کی روک تھام کے لیے عملی منصوبہ اور اب تک کیے گئے اقدامات کی تفصیلات پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کی شکل میں پیش کی جائیں۔
اس اجلاس میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے پروجیکٹ منیجر شری نیواس گوڑا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر جگدیش کے۔ نائیک، این ایچ اے آئی کے اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر پرکاش، بی ایم ٹی سی ڈویژنل ٹرانسپورٹ آفیسر پرتیما، کے ایس آر ٹی سی ڈویژنل ٹرانسپورٹ آفیسر بھاگیہ لکشمی ایم، اسکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے شمالی ڈپٹی ڈائریکٹر واسو، جنوبی ڈپٹی ڈائریکٹر سمیر پاشا، محکمہ لوکاپورنا کے ایگزیکٹیو راجو، کرناٹک اسٹیٹ ہائی وے ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے ایگزیکٹیو انجینئر شری کانت اور بلوم برگ بی۔ ای۔ آر۔ جی۔ کی اپراجیتا رائے سمیت دیگر ضلعی افسران موجود تھے۔