ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کرناٹک میں کووِڈ کے نئے معاملات پر ہنگامی اجلاس، وزیر اعلیٰ نے عوام سے گھبراہٹ کے بجائے احتیاط کی اپیل

کرناٹک میں کووِڈ کے نئے معاملات پر ہنگامی اجلاس، وزیر اعلیٰ نے عوام سے گھبراہٹ کے بجائے احتیاط کی اپیل

Thu, 12 Jun 2025 10:51:40    S O News
کرناٹک میں کووِڈ کے نئے معاملات پر ہنگامی اجلاس، وزیر اعلیٰ نے عوام سے گھبراہٹ کے بجائے احتیاط کی اپیل

بنگلور، 12 جون (ایس او نیوز / ایجنسی): ریاست کرناٹک میں کووِڈ-19 کے نئے معاملات میں اضافہ کے بعد حکومت نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ گزشتہ 10 دنوں کے دوران ریاست میں کیے گئے 5000 ٹیسٹوں میں سے 862 افراد کورونا مثبت پائے گئے ہیں، جبکہ اب تک 11 اموات کی اطلاع ہے۔ ان میں سے 10 مریض پہلے سے سنگین بیماریوں میں مبتلا تھے اور کووِڈ ان کی ثانوی وجہ بتائی گئی ہے۔

اس صورتحال کے پیش نظر وزیر اعلیٰ سدارامیا کی صدارت میں ایک اعلیٰ سطحی ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ریاست کی صحت عامہ کی صورتحال، طبی سہولیات، اور مستقبل کی تیاریوں پر تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ خوف زدہ نہ ہوں لیکن مکمل احتیاطی تدابیر اپنائیں۔ انہوں نے محکمہ صحت اور میڈیکل ایجوکیشن کے افسران کو ہدایت دی کہ سرکاری اسپتالوں میں آکسیجن، بستروں، دواؤں اور عملے کی مکمل دستیابی یقینی بنائی جائے۔

اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے پرائیویٹ اسپتالوں کی جانب سے کووِڈ ٹیسٹنگ کے نام پر غیر ضروری فیس وصول کرنے کی شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو کارروائی کی ہدایت بھی دی۔

اجلاس میں وزیر صحت دنیش گنڈو راو، چیف سکریٹری ڈاکٹر شالنی رجنیش، وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری انجم پرویز، محکمہ میڈیکل تعلیم کے پرنسپل سکریٹری محمد محسن، وزیر اعلیٰ کے سیاسی سکریٹری نصیر احمد سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔


Share: