ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / ابوظہبی میں سڑک حادثہ: کیرالہ کے چار افراد جاں بحق، چار زخمی

ابوظہبی میں سڑک حادثہ: کیرالہ کے چار افراد جاں بحق، چار زخمی

Mon, 05 Jan 2026 17:45:28    S O News
ابوظہبی میں سڑک حادثہ: کیرالہ کے چار افراد جاں بحق، چار زخمی

دبئی، 5 /جنوری (ایس او نیوز) متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں پیش آئے ایک دلخراش سڑک حادثے میں کیرالہ سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے تین کمسن بھائیوں سمیت چار افراد جاں بحق، جبکہ چار دیگر شدید زخمی ہوگئے۔ یہ حادثہ اتوار کی علی الصبح ابوظہبی–دبئی شاہراہ پر غنطوط/شہامہ کے قریب اُس وقت پیش آیا، جب ان کی کار بے قابو ہوکر اُلٹ گئی۔

جاں بحق ہونے والوں میں 14 سالہ آشاس، 12 سالہ عمّار، 5 سالہ ایّاش اور خاندان کی گھریلو ملازمہ بشریٰ (48) شامل ہیں۔ تینوں بچے عبداللطیف اور رُخسانہ کے بیٹے تھے، جن کا تعلق کیرالہ کے ضلع ملپّورم سے ہے۔ بشریٰ کا تعلق بھی ملپّورم سے تھا اور وہ گزشتہ پانچ برسوں سے اس خاندان کے ساتھ بطور گھریلو ملازمہ کام کر رہی تھیں۔

حادثے میں عبداللطیف، ان کی اہلیہ رُخسانہ اور ان کے دو دیگر بچے — اعظم اور عِسیٰ — شدید زخمی ہوئے ہیں، جن کا ابوظہبی کے ایک اسپتال میں علاج جاری ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق اعظم کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق عبداللطیف دبئی میں مقیم ایک تاجر ہیں اور حادثے کے وقت اہلِ خانہ اور گھریلو ملازمہ کے ساتھ لیوا فیسٹیول میں شرکت کے بعد ابوظہبی سے دبئی واپس لوٹ رہے تھے، اسی دوران یہ جان لیوا حادثہ پیش آیا۔

جاں بحق افراد کی نعشیں اسپتال کے مردہ خانے میں رکھی گئی ہیں، جبکہ اہلِ خانہ اور رشتہ دار متحدہ عرب امارات میں ہی تدفین کے انتظامات میں مصروف ہیں۔ سماجی کارکنان اور مقامی تنظیمیں متاثرہ خاندان کی ہر ممکن مدد کے لیے سرگرم ہیں۔

بشریٰ کے پسماندگان میں شوہر فیاض اور ایک بیٹا نظام الدین شامل ہیں۔ اس اندوہناک حادثے پر کیرالہ اور خلیجی ممالک میں مقیم رشتہ داروں اور جاننے والوں میں شدید غم و اندوہ کی فضا پائی جاتی ہے۔


Share: