شموگہ 19 جنوری (ایس او نیوز) کرناٹک کے ششموگہ ضلع کے بھدراوتی تعلقہ میں واقع ہولےہنّور کے قریب بھدرا نہر میں پیش آئے ایک دلخراش حادثے میں ایک ہی خاندان کے چار افراد لاپتہ ہوگئے۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ اتوار، 18 جنوری کو پیش آیا، البتہ پیر کو بھی تلاشی مہم جاری تھی۔
لاپتہ افراد کی شناخت نیلابائی (50)، ان کے بیٹے روی کمار (23)، بیٹی شویتا (24) اور داماد پرشورام (28) کے طور پر کی گئی ہے، جو عربیلاچی کیمپ کے رہائشی بتائے گئے ہیں۔
اہلِ خانہ کے مطابق چاروں افراد اتوار کی دوپہر بھدرا نہر پر کپڑے دھونے کے لیے گئے تھے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ نہر کے کنارے کپڑے دھوتے وقت خاندان کا ایک فرد اچانک پھسل کر پانی میں گر گیا، جسے بچانے کی کوشش میں باقی تین افراد بھی نہر میں اتر گئے۔ تیز بہاؤ کے باعث چاروں افراد پانی میں بہہ گئے اور لاپتہ ہوگئے۔
بعد ازاں نہر کے کنارے وہ کپڑے برآمد ہوئے جو گھر سے لائے گئے تھے، جبکہ دو موٹر سائیکلیں بھی قریب ہی کھڑی پائی گئیں، جس سے خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ چاروں افراد نہر میں ڈوب گئے ہوں گے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ہولےہنّور پولیس اور فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور تلاش و بچاؤ مہم شروع کی۔ شِموگہ کے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اے۔جی۔ کاریپا اور ہولےہنّور پولیس انسپکٹر شیوپرساد نے موقع کا معائنہ کیا۔
بتایا گیا ہے کہ اتوار شام کو اندھیرا پھیلنے کے بعد تلاش مہم روک دی گئی تھی، البتہ اج پیر صبح سے تلاشی مہم واپس شروع کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق اندھیرے اور پانی کے تیز بہاؤ کے باعث رات کے وقت سرچ آپریشن روک دیا گیا تھا، جسے پیر کی صبح دوبارہ شروع کیا گیا۔ لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے۔ واقعہ ہولےہنّور پولیس تھانہ کی حدود میں پیش آیا، اور مزید تفتیش جاری ہے۔