ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / سرکاری ملازمین عوام کے اعتماد کے امین ہیں، تفریق سے گریز کریں: وزیر اعلیٰ سدارامیا

سرکاری ملازمین عوام کے اعتماد کے امین ہیں، تفریق سے گریز کریں: وزیر اعلیٰ سدارامیا

Sat, 19 Jul 2025 19:45:48    S O News

میسورو، 19 جولائی (ایس او نیوز/ایجنسی)وزیر اعلیٰ سدارامیا نے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین کو اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران ذات پات، مذہب یا کسی بھی بنیاد پر امتیاز برتنے سے مکمل طور پر گریز کرنا چاہیے، کیونکہ وہ عوام کے اعتماد کے امین ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سماج کے تمام طبقات اور مذاہب کا ہم پر قرض ہے، جسے ہمیں ایماندارانہ اور مخلصانہ خدمات کے ذریعے ادا کرنا چاہیے۔

وزیر اعلیٰ میسورو میں ریاستی سرکاری ملازمین کی یونین کی جانب سے منعقدہ "سرکاری ملازمین کے بچوں کی اعزازی تقریب" سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی فرد کی صلاحیت مخصوص طبقے یا برادری کی میراث نہیں ہوتی، بلکہ موزوں مواقع فراہم کیے جائیں تو ہر شخص اپنی قابلیت ثابت کر سکتا ہے۔ بچوں کی تربیت اور ان کی شخصیت سازی میں اساتذہ کے ساتھ ساتھ والدین کا کردار بھی انتہائی اہم ہے۔

سدارامیا نے سرکاری ملازمین پر زور دیا کہ وہ اپنے پیشے کو عوامی خدمت کا ذریعہ سمجھیں اور فرقہ وارانہ یا ذات پات پر مبنی تعصب سے باز رہیں، کیونکہ یہ سماج کے اعتماد کو ٹھیس پہنچاتا ہے۔ انہوں نے کہا، "ہم سب عوام کے ٹیکس سے تنخواہیں پاتے ہیں، اس لیے عوام کے تئیں ہماری ذمہ داری مزید بڑھ جاتی ہے۔"

انہوں نے اساتذہ، کسانوں اور سپاہیوں کو معاشرے کے تین مضبوط ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہی کی بدولت معاشرہ محفوظ، تعلیم یافتہ اور خود کفیل بنتا ہے۔ ان کے احسانات کا بدلہ ہم صرف اپنی ذمہ داریوں کی بہتر ادائیگی سے ہی چکا سکتے ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے بچوں میں سائنسی اور فکری شعور پروان چڑھانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ وہ مستقبل میں ایک باشعور اور ذمہ دار شہری بن سکیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ریاستی حکومت نے ساتویں پے کمیشن کی سفارشات کو مکمل طور پر نافذ کر دیا ہے۔ اولڈ پنشن اسکیم (او پی ایس) سے متعلق پوچھے گئے سوال پر سدارامیا نے کہا کہ اس ضمن میں کمیٹی کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد ہی تمام فریقین سے مشاورت کے بعد کوئی فیصلہ لیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت کی ترجیحات میں صحت کا شعبہ بھی شامل ہے، اور "آروگیہ سنجیونی" جیسی اسکیموں پر بھی حکومت سنجیدگی سے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے سرکاری ملازمین کو یقین دلایا کہ حکومت ان کے تمام جائز مطالبات پر غور کرنے کے لیے تیار ہے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے حکومت کے دروازے ہر وقت کھلے رہیں گے۔

آخر میں انہوں نے ملازمین سے اپیل کی کہ حکومت کی فلاحی اسکیموں کو عوام تک پہنچانے میں مؤثر کردار ادا کریں، تاکہ ہر فرد ان اسکیموں سے براہِ راست فائدہ اٹھا سکے۔


Share: