ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / ریاست بھر میں 2697 ملازمین نے تبادلے کی درخواست دی، 24 جولائی سے تین مرحلوں میں کاؤنسلنگ کا آغاز

ریاست بھر میں 2697 ملازمین نے تبادلے کی درخواست دی، 24 جولائی سے تین مرحلوں میں کاؤنسلنگ کا آغاز

Wed, 23 Jul 2025 18:15:57    S O News

بنگلورو، 23 جولائی (ایس او نیوز / ایجنسی)ریاستی حکومت نے دیہی ترقیات و پنچایت راج محکمہ میں تبادلوں کے نظام کو شفاف اور مؤثر بنانے کی جانب ایک انقلابی قدم اٹھایا ہے۔ وزیر برائے دیہی ترقیات، پنچایت راج و انفارمیشن ٹکنالوجی، مسٹر پریانک کھرگے نے اعلان کیا ہے کہ اب ریاست کے 31 اضلاع میں گرام پنچایتوں کے گریڈ-1، گریڈ-2 سکریٹریز اور دوسرے درجے کے اکاؤنٹس اسسٹنٹس کے تبادلوں کا عمل آن لائن کاؤنسلنگ کے ذریعے انجام پائے گا۔

یہ پہلا موقع ہے کہ پنچایت راج محکمہ میں تبادلوں کے لیے اس قدر شفاف، ڈیجیٹل اور ترجیحی نظام متعارف کیا گیا ہے۔ آن لائن کاؤنسلنگ کے تحت اہل ملازمین کو اپنی ترجیحی جگہوں کے انتخاب کا موقع دیا گیا ہے۔ وزیر موصوف نے واضح کیا کہ صرف وہ ملازمین جنہوں نے موجودہ جگہ پر کم از کم تین سال کی مدت مکمل کی ہو، وہ تبادلے کے اہل ہوں گے۔ تاہم، معذور اور سنگین بیماریوں میں مبتلا ملازمین کے لیے قواعد میں نرمی دی گئی ہے۔

ریاست بھر سے کل 2697 ملازمین نے تبادلے کے لیے درخواستیں دی ہیں، جن کی بنیاد پر اضلاع کی سطح پر آن لائن کاؤنسلنگ کی جا رہی ہے۔

کاؤنسلنگ کا عمل تین مرحلوں میں مکمل کیا جائے گا:

  • پہلا مرحلہ 24 جولائی کو مخصوص معاملات (خصوصی رعایت والے کیسز) کے لیے

  • دوسرا مرحلہ 25 جولائی کو لازمی اور زیرِ التواء تبادلوں کے لیے

  • تیسرا مرحلہ 28 جولائی کو عام درخواستوں کی بنیاد پر تبادلوں کے لیے

مسٹر پریانک کھرگے نے اس آن لائن نظام کو انتظامیہ میں شفافیت، ملازمین کی کارکردگی میں بہتری اور خدمات کی فراہمی کو مؤثر بنانے کی سمت ایک بڑی اصلاح قرار دیا ہے۔

محکمہ پنچایت راج کی کمشنر ڈاکٹر اروندھتی چندرشیکھر نے آن لائن کاؤنسلنگ عمل کا باقاعدہ افتتاح کیا اور اہل ملازمین کو ان کے منتخبہ اضلاع میں تبادلے کے احکامات جاری کیے۔
 


Share: