ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / چتیاپور میں آر ایس ایس مارچ کی اجازت مسترد، ہائی کورٹ نے 28 اکتوبر کو امن اجلاس طلب کرنے کی دی ہدایت

چتیاپور میں آر ایس ایس مارچ کی اجازت مسترد، ہائی کورٹ نے 28 اکتوبر کو امن اجلاس طلب کرنے کی دی ہدایت

Sat, 25 Oct 2025 11:20:40    S O News

بنگلورو، 25 اکتوبر (ایس او نیوز / ایجنسی)کلبرگی ضلع کے چیتاپور میں 2 نومبر کو مجوزہ مارچ نکالنے کے سلسلے میں راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کو اس وقت مایوسی کا سامنا کرنا پڑا جب عدالت نے مارچ کی اجازت دینے سے انکار کرنے والے مقامی تحصیلدار کے فیصلے پر روک لگانے سے انکار کردیا۔

آر ایس ایس نے اپنے 100 سال کی تکمیل اور وجئے دشمی کے موقع پر "روٹ مارچ" نکالنے کی اجازت کے لیے انتظامیہ سے درخواست دی تھی، تاہم انتظامیہ نے نظم و نسق میں خلل پڑنے کے خدشے کا حوالہ دیتے ہوئے اجازت دینے سے انکار کردیا۔ اس فیصلے کے خلاف آر ایس ایس نے ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔

جمعہ کے روز جسٹس ایم جی ایس کمال پر مشتمل واحد جج کی بینچ نے اس عرضی کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران ریاستی حکومت کی نمائندگی ایڈووکیٹ جنرل ششی کرن شیٹی نے کی، جبکہ آر ایس ایس کی جانب سے وکیل ارون شیام نے دلائل پیش کیے۔

دلائل سننے کے بعد عدالت نے ریاستی حکومت کو ہدایت دی کہ وہ 28 اکتوبر کو امن اجلاس (پیِس میٹنگ) کا اہتمام کرے، تاکہ فریقین کے درمیان اتفاق رائے سے کوئی فیصلہ لیا جا سکے۔ عدالت نے مزید ہدایت دی کہ امن اجلاس کے مقام کے بارے میں فریقین کو ہفتہ تک مطلع کیا جائے۔

عدالت نے یہ بھی کہا کہ امن اجلاس میں ہونے والے فیصلے کی اطلاع 30 اکتوبر کی دوپہر تک عدالت کو دی جائے۔ بینچ نے اس معاملے کو جلد از جلد حل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسے غیرضروری طور پر طول دینے کی ضرورت نہیں۔

اس سلسلے میں مقدمے کی اگلی سماعت 30 اکتوبر کو مقرر کی گئی ہے۔


Share: