ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کرناٹک میں ہیلتھ ایمرجنسی آپریشنس سینٹر قائم، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے میں مدد ملے گی

کرناٹک میں ہیلتھ ایمرجنسی آپریشنس سینٹر قائم، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے میں مدد ملے گی

Fri, 08 May 2026 17:15:53    S O News
کرناٹک میں ہیلتھ ایمرجنسی آپریشنس سینٹر قائم، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے میں مدد ملے گی

بنگلورو، 8/مئی (ایس او نیوز /ایجنسی) ریاستی وزیر صحت و خاندانی بہبود دنیش گنڈوراؤ نے کہا ہے کہ ہنگامی حالات میں عوام تک درست معلومات کی بروقت فراہمی، وسائل کے مؤثر استعمال اور فوری ردعمل کو یقینی بنانے میں ہیلتھ ایمرجنسی آپریشنس سینٹر اہم کردار ادا کرے گا۔ وہ بنگلورو کے آروگیہ سودھا میں ہیلتھ ایمرجنسی آپریشنس سینٹر (ایچ ای او سی) کے افتتاح کے بعد خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ یہ مرکز ایک سنٹرل کنٹرول یونٹ کے طور پر کام کرے گا، جو ہنگامی صورتحال کے دوران بروقت فیصلے لینے، مختلف محکموں کے درمیان تال میل قائم کرنے اور عوام میں بے چینی و افواہوں کو روکنے کے لیے صحیح معلومات پہنچانے میں معاون ہوگا۔

وزیر صحت نے کہا کہ کووڈ وبا کے دوران مختلف اداروں کے درمیان رابطے اور ہم آہنگی کی کمی محسوس کی گئی تھی، جس کے بعد اس طرح کے جدید نظام کی ضرورت شدت سے محسوس کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ عالمی ادارۂ صحت کی رہنمائی اور وزیر اعظم آیوشمان بھارت ہیلتھ انفراسٹرکچر مشن کے تحت ہر ریاست میں کمانڈ اینڈ کنٹرول روم قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ وبائی امراض، آتشزدگی، قدرتی آفات اور دیگر ہنگامی حالات کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔

دنیش گنڈوراؤ نے کہا کہ یہ مرکز صرف محکمہ صحت تک محدود نہیں رہے گا بلکہ ہنگامی حالات میں محکمہ مالگزاری ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، پولیس، فائر سروس اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ تال میل قائم کرتے ہوئے صورتحال کو سنبھالنے میں مدد فراہم کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ چوبیس گھنٹے فعال رہنے والا یہ مرکز ضلعی انتظامیہ اور ضلعی صحت خدمات کے ساتھ فوری رابطہ قائم کرکے معلومات کے تبادلے اور ضروری ہدایات جاری کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ان کے مطابق یہ ایک جدید اور جامع صحت ہنگامی انتظامی مرکز کے طور پر کام کرے گا۔

اس موقع پر محکمہ صحت و خاندانی بہبود کے سکریٹری رتوک رنجن پانڈے، محکمہ صحت کے کمشنر گرو دت ہیگڑے، قومی صحت مشن کے ڈائریکٹر اویناش مینن اور محکمہ صحت کی ڈائریکر ڈاکٹر رجنی سمیت دیگر افسران موجود تھے۔


Share: