ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / یکم مئی سے نئے قواعد لاگو: ایل پی جی، ایندھن، کریڈٹ کارڈ اور آن لائن گیمنگ میں بڑی تبدیلیاں

یکم مئی سے نئے قواعد لاگو: ایل پی جی، ایندھن، کریڈٹ کارڈ اور آن لائن گیمنگ میں بڑی تبدیلیاں

Thu, 30 Apr 2026 10:49:04    S O News

نئی دہلی ، 30 اپریل (ایس او نیوز/ایجنسی)اپریل کا اختتام قریب ہے اور مئی کے آغاز کے ساتھ ہی ملک میں کئی اہم مالیاتی تبدیلیاں متوقع ہیں۔ ان میں ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں رد و بدل کے ساتھ ساتھ گیس کی ڈیلیوری کے نظام میں بھی نئی تبدیلیاں سامنے آ سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) کے کریڈٹ کارڈ صارفین کے لیے بھی کچھ نئے اصول نافذ کیے جانے کا امکان ہے۔ آئیے جانتے ہیں ایسے ہی چار بڑے بدلاؤ کے بارے میں، جو یکم مئی سے لاگو ہوں گے اور جن کے اثرات ہر گھر اور ہر فرد کی جیب پر محسوس کیے جا سکتے ہیں۔

ہر ماہ کی پہلی تاریخ کی طرح مئی کے پہلے دن بھی آئل مارکیٹنگ کمپنیاں ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں نظرثانی کریں گی اور نئے ایل پی جی سلنڈر ریٹس جاری کریں گی۔ اس میں ہونے والی کسی بھی تبدیلی کا اثر گھریلو کچن سے لے کر ریسٹورنٹس اور ہوٹلوں تک دیکھنے کو ملے گا۔ گزشتہ اپریل میں 14 کلوگرام کے گھریلو اور 19 کلوگرام کے کمرشیل گیس سلنڈرز کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا اور یکم مئی کو بھی یہ تبدیل ہو سکتی ہیں۔

ایل پی جی سے متعلق دیگر تبدیلیوں کی بات کریں تو او ایم سیز ایل پی جی سلنڈر ڈیلیوری سسٹم کے حوالے سے غور و فکر کر رہی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق کمپنیاں سلنڈر بکنگ کے لاک اِن پیریڈ میں تبدیلی کر سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ او ٹی پی پر مبنی ڈیلیوری سسٹم کو مستقل طور پر نافذ کیا جا سکتا ہے۔

یکم مئی 2026 سے ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں تبدیلی کے علاوہ تیل کمپنیاں ہوائی ایندھن یعنی ایئر ٹربائن فیول میں بھی نظرثانی کر کے نئے ریٹ جاری کر سکتی ہیں۔ اپریل کے آغاز میں اس کی قیمت دوگنی کر دی گئی تھی، تاہم بعد میں بڑھی ہوئی قیمتیں واپس لے لی گئی تھیں۔ اے ٹی ایف کے علاوہ سی این جی اور پی این جی کی قیمتوں میں بھی تبدیلی ممکن ہے۔ یعنی مئی کے پہلے دن ہوائی مسافروں سے لے کر سڑک پر گاڑی چلانے والوں تک سب کی جیب پر اثر پڑ سکتا ہے۔

یکم مئی 2026 سے ہونے والا تیسرا بدلاؤ کریڈٹ کارڈ صارفین سے متعلق ہے۔ ایس بی آئی کارڈ کی ویب سائٹ کے مطابق لیٹ پیمنٹ چارج سے لے کر سالانہ فیس تک میں تبدیلی کا اعلان کیا گیا ہے۔ اگلے مہینے کی پہلی تاریخ سے 100 روپے سے زیادہ اور 500 روپے تک کے بقایا رقم پر لیٹ پیمنٹ چارج کو تبدیل کر کے 100 روپے کر دیا جائے گا۔ اسی طرح 500 روپے سے زیادہ اور 1000 روپے تک کے بقایا پر یہ فیس 500 روپے ہوگی، جبکہ دیگر چارجز جوں کے توں رہیں گے۔ اس کے علاوہ بی پی سی ایل ایس بی آئی کریڈٹ کارڈ کی 499 روپے سالانہ فیس اب ایک لاکھ روپے کے سالانہ خرچ پر واپس کی جائے گی، جو اس وقت 50 ہزار روپے پر ہے۔

یکم مئی سے آن لائن گیمنگ سے متعلق قوانین بھی بدلنے جا رہے ہیں۔ حکومت کے نئے ’آن لائن گیمنگ رولز 2026‘ کے تحت اس شعبہ کے لیے آن لائن گیمنگ اتھارٹی آف انڈیا (او جی اے آئی) قائم کی جائے گی، جو نگرانی اور ضابطہ بندی کا کام کرے گی۔ ان تبدیلیوں کے تحت آن لائن گیمز کو 3 زمروں میں تقسیم کیا جائے گا: آن لائن منی گیمز، ای-اسپورٹس اور آن لائن سوشل گیمز۔ جن پلیٹ فارمز پر پیسے سے متعلق گیمز کھیلے جاتے ہیں، ان کے لیے رجسٹریشن لازمی ہوگا۔ اس کے ساتھ ہی ایسے صارفین کے مالی لین دین پر بھی سخت نظر رکھی جائے گی۔


Share: