
بنگلورو، 19 جون (ایس او نیوز/ ایجنسی)ریاستی وزیر برائے بہبودی خواتین و اطفال لکشمی ہببالکر نے واضح کیا ہے کہ گرہا لکشمی اسکیم میں کوئی ترمیم نہیں کی گئی ہے اور یہ اسکیم بدستور جاری رہے گی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اسکیم کے تحت تمام مستحق خواتین کو ان کی مالی امداد کی رقوم مکمل طور پر اور بروقت فراہم کی جائیں گی۔
بدھ کو اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ہببالکر نے کہا کہ اپریل ماہ کی امدادی رقم پہلے ہی مستحقین کے بینک کھاتوں میں جمع کی جا چکی ہے، جبکہ مئی کی بقایا رقم بھی بہت جلد جاری کی جائے گی۔ انہوں نے تاخیر کی وجہ محکمہ مالیات کی جانب سے رقم کی عدم فراہمی کو قرار دیا، تاہم انہوں نے کہا کہ اب محکمہ بہبودی خواتین و اطفال کی جگہ تعلقہ و ضلع پنچایتوں کے ذریعہ یہ رقم منتقل کی جائے گی، جیسا کہ مرکز کے ضوابط میں درج ہے۔
وزیر ہببالکر نے بتایا کہ گرہا لکشمی اسکیم وزیر اعلیٰ کی اولین ترجیح میں شامل ہے اور اس کے نفاذ میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں آنے دی جائے گی۔ ان کے مطابق اسکیم کے تحت ہر ماہ تقریباً 10 سے 15 ہزار نئے مستحقین کا اندراج ہو رہا ہے، جنہیں اسکیم میں شامل کرکے امداد کی رقم فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ گزشتہ چند دنوں میں بعض علاقوں میں تکنیکی اور انتظامی وجوہات کی بناء پر ادائیگیوں میں تاخیر ہوئی تھی، تاہم ان تمام مسائل کو اب حل کر دیا گیا ہے۔
وزیر لکشمی ہببالکر نے آخر میں دوٹوک انداز میں کہا کہ اسکیم سے وابستہ ہر مستحق خاتون کو ان کا حق ضرور دیا جائے گا اور مئی کی بقایا رقوم جلد از جلد ان کے بینک کھاتوں میں منتقل کی جائیں گی۔