ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / آنگن واڑی نظام میں بدعنوانی پر کارروائی ہوگی، غذائی معیار اور تقرریوں میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے: وزیر لکشمی ہیببالکر

آنگن واڑی نظام میں بدعنوانی پر کارروائی ہوگی، غذائی معیار اور تقرریوں میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے: وزیر لکشمی ہیببالکر

Sat, 05 Jul 2025 17:12:50    S O News

بیدر، 5 جولائی (ایس او نیوز / ایجنسی) ریاستی وزیر برائے بہبودی خواتین و اطفال محترمہ لکشمی ہیببالکر نے آنگن واڑی نظام میں جاری بدعنوانی، غذائی بدانتظامی اور تقرری میں تاخیر جیسے مسائل پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو سخت ہدایات جاری کی ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بچوں کی خوراک میں کوتاہی، انڈے وقت پر نہ پہنچنے اور دودھ پاؤڈر کی غیرقانونی فروخت جیسے معاملات کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور اس میں ملوث افسران و ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

یہ ہدایات انہوں نے جمعہ کے روز بیدر میں خواتین و اطفال فلاح، معذورین بااختیاری اور بزرگ شہریوں کی فلاح سے متعلق کلبرگی ڈویژن کی دو روزہ ترقیاتی جائزہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ وزیر موصوفہ نے آنگن واڑی کارکنان کی تقرری کے عمل کو سادہ، شفاف اور تیز تر بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ عمل تین ماہ کے اندر مکمل کیا جانا چاہیے، کیونکہ کسی بھی سطح پر تاخیر ناقابل قبول ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ خواتین و اطفال فلاح کا محکمہ براہِ راست عوام کی روزمرہ زندگی سے جڑا ہوا ہے، اس لیے افسران کو ذمہ داری، حساسیت اور مستعدی کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔ وزیر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مقامی وزراء اور منتخب نمائندوں کو محکمہ جاتی اسکیموں اور منصوبوں کی پیش رفت سے وقتاً فوقتاً آگاہ رکھا جائے۔

اس موقع پر ضلع انچارج وزیر ایشور بی. کھنڈرے نے بھی اجلاس میں شرکت کی اور مختلف اضلاع میں جاری فلاحی سرگرمیوں کی جانب توجہ مبذول کرائی۔ اجلاس میں بیدر، کلبرگی، یادگیر، رائچور، بلاری، کوپل اور وجے نگر اضلاع کو شامل کرتے ہوئے ICDS منصوبے پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس اہم اجلاس میں وزیر برائے بلدی انتظامیہ و حج امور رحیم خان، محکمہ کی سکریٹری شاملا اقبال، ضلع ڈپٹی کمشنر شلپا شرما، سی ای او ڈاکٹر گریش بڈولے، ایس پی پردیپ گنٹی، ڈائریکٹر راگھویندر اور معذور افراد کے حقوق کے ریاستی کمشنر داس سوریہ ونشی بھی شریک رہے۔

وزیر لکشمی ہیببالکر نے اسی دن ضلع کے چتّاواڑی گاؤں کے آنگن واڑی مرکز اور میلور میں واقع بالیکا بال مندر کا اچانک دورہ بھی کیا۔ انہوں نے وہاں بچوں کی صحت، تعلیم، غذائی معیار اور دیگر بنیادی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ چتّاواڑی مرکز میں انہوں نے بچوں سے بات چیت کی اور ان کی تعلیمی دلچسپی کی تعریف کی، جبکہ میلور کے ادارہ میں انتظامی و تدریسی نظام کا معائنہ کیا۔

اس دورہ میں قانون ساز کونسل کے رکن بھیمراؤ بسوراج پاٹل، محکمہ بہبودی خواتین و اطفال کی سکریٹری شاملا اقبال اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔


Share: