بینگلورو ، 2 / اپریل (ایس او نیوز) بینگلورو میں ایل پی جی کی سپلائی میں کمی وجہ سے آٹو رکشہ والے اپنی سروس روکنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
شہر کے مختلف علاقوں میں گیس بنکوں پر آٹو والوں کی لمبی قطاریں لگ رہی ہیں ۔ کچھ گیس بنکوں بند کر دئے گئے ہیں ۔ اس سے ایل پی جی پر انحصار کرتے ہوئے اپنی روزی روٹی کمانے والے رکشہ ڈرائیوروں کے لئے حالات تنگ ہوگئے ہیں ۔ آٹو ڈرائیوروں کا کہنا ہے اگر مزید دو تین دن تک ایل پی جی کی فراہمی میں کمی کا یہی حال رہا تو پھر شہر میں عوامی نقل و حمل کی سہولت بری طرح متاثر ہوگی ۔ کیونکہ ایل پی جی سپلائی میں مسلسل رکاوٹ کی وجہ سے آٹو رکشہ کو سڑک پر اتارنا ممکن نہیں رہے گا جس سے شہر میں آٹو پر سفر کرنے والے بڑے پیمانے پر متاثر ہونگے ۔
ایل پی جی سپلائی میں کمی کا مسئلہ صرف بینگلورو تک ہی محدود نہیں ہے ۔ ریاست کے دوسرے مقامات سے بھی گیس بنکوں کے باہر لمبی قطاروں اور ناراض ڈرائیوروں کی طرف سے احتجاج اور ناراضگی کے مناظر سامنے آ رہے ہیں ۔ کچھ مقامات پر پرائیویٹ گیس بنکوں میں گیس قیمتوں کے اضافے پر بھی آٹو رکشہ ڈرائیوروں نے ناراضگی ظاہر کی ہے ۔ الزام لگایا جا رہا ہے کہ عموماً جہاں فی لیٹر گیس کی قیمت 84 روپے ہونی چاہیے وہاں پر کچھ پرائیویٹ سپلائروں کی طرف سے 94 روپے فی لیٹر قیمت وصول کی جا رہی ہے ۔
آٹو ڈرائیوروں یونین کی طرف سے سپلائی میں کمی اور قیمتوں میں بڑھوتری پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے آٹو ڈرائیوروں کے لئے روزی روٹی کمانے کا مسئلہ کھڑا ہو گیا ہے ۔