
منگلورو، 29/ اکتوبر (ایس او نیوز)پولیس نے باگلکوٹ ضلع سے تعلق رکھنے والے ایک 23 سالہ نوجوان کو نویں جماعت کی طالبہ کے مبینہ اغوا کے سلسلے میں گرفتار کیا ہے ۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت گڈوصاب عرف آشف (23 سال) کے طور پر ہوئی ہے جو باگلکوٹ ضلع کا رہنے والا ہے اور پیشے سے راج مستری ہے ۔ اس پر الزام ہے کہ اس نے مبینہ طور پر اسکول جا رہی لڑکی کو بہلا پھسلا کر کار میں بٹھایا اور اغوا کر لیا ۔
بتایا جاتا ہے کہ باگلکوٹ ضلع سے تعلق رکھنے والا ایک خاندان اُلال تعلقہ کے علاقے کلاپو کے قریب کرائے کے مکان میں رہائش پذیر تھا ۔ اس خاندان کی دو کم سن بیٹیاں قریبی کنڑا میڈیم اسکول میں زیرِ تعلیم تھیں ۔
منگل کی صبح کو والدین نے حسبِ معمول دونوں بچیوں کو اسکول بھیجا تھا ۔ لیکن بعد میں ایک ٹیچر نے والدین کو فون کر کے بتایا کہ دونوں بہنوں میں سے بڑی بہن اسکول نہیں پہنچی ہے ۔
لاپتہ ہونے والی لڑکی نے مبینہ طور پر پہلے ہی اپنی والدہ کو بتا دیا تھا کہ گڈوصاب عرف آشف اسکول کے قریب اس کا پیچھا کر رہا تھا اور اس سے بات کرنے کی کوشش کر رہا تھا ۔ ملزم کو اس کے رویے کے بارے میں خبردار بھی کیا گیا تھا، لیکن اس کے باوجود اس نے مبینہ طور پر لڑکی کو بہلا پھسلا کر اغوا کر لیا ۔
لڑکی کی والدہ نے منگل کی شام اُلال پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی اور پولیس سے درخواست کی کہ وہ ملزم کے خلاف کارروائی کرے اور ان کی بیٹی کو تلاش کرے ۔ اس شکایت کی بنیاد پر اُلال پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ۔
اس کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے اُلال پولیس نے منگل کی رات سومیشورا سے ملزم کو حراست میں لے لیا اور کم سن بچی کو بازیاب کروا لیا ۔ لڑکی کے بیان کی بنیاد پر پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے عدالت میں پیش کر دیا ۔