بنگلورو ، 27/ اپریل (ایس او نیوز /ایجنسی) محکمہ اقلیتی بہبود کے تحت ڈائریکٹوریٹ آف مائناریٹیز نے تعلیمی سال 2026-27 کے لیے اقلیتی طلبہ کو بڑی سہولت فراہم کرتے ہوئے پی یو سی سال اول میں مفت داخلوں کے لیے آن لائن درخواستیں طلب کی ہیں۔یہ داخلے اقلیتی مرارجی دیسائی رہائشی پری یونیورسٹی کالجس اور مولانا آزاد ماڈل پری یونیورسٹی کالجس میں دیے جائیں گے، جو محکمہ اقلیتی بہبود کے زیر انتظام چل رہے ہیں۔
آن لائن درخواستوں کا آغاز 24 اپریل 2026 سے ہوچکا ہے، جبکہ درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 16 مئی 2026 مقرر کی گئی ہے۔دلچسپی رکھنے والے طلبہ اور والدین محکمہ کی سرکاری ویب سائٹ https://dom.karnataka.gov.inکے ذریعے براہِ راست آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔
75 فیصد نشستیں اقلیتی طبقات (مسلم، عیسائی، سکھ، جین، بدھسٹ اور پارسی) کے لیے مخصوص ہیں۔25 فیصد نشستیں درج فہرست ذات (SC)، درج فہرست قبائل (ST) اور دیگر پسماندہ طبقات (OBC) کے طلبہ کے لیے مختص ہیں۔
امیدوار کا ایس ایس ایل سی یا مساوی امتحان میں کامیاب ہونا ضروری ہے۔امیدوار کا کرناٹک کا مقامی شہری (ڈومیسائل) ہونا لازمی ہے۔ سالانہ خاندانی آمدنی 2.50 لاکھ روپے سے زیادہ نہ ہو۔ 4 فیصد نشستیں خصوصی افراد (معذور طلبہ) کے لیے مخصوص رکھی گئی ہیں۔
طلبہ و سرپرست اپنے متعلقہ ضلع اقلیتی دفتر، تعلقہ مائناریٹی انفارمیشن سنٹر، قریبی اقلیتی کالج کے پرنسپل یا محکمہ کی ہیلپ لائن نمبر 8277799990 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔محکمہ کے مطابق یہ اقدام اقلیتی طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنے اور انہیں اعلیٰ تعلیم کے مواقع سے جوڑنے کی ایک اہم کوشش ہے۔