ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / میسور دسہرہ سب کے لیے محبت، امن اور ہم آہنگی کا پیغام ہے: بانو مشتاق

میسور دسہرہ سب کے لیے محبت، امن اور ہم آہنگی کا پیغام ہے: بانو مشتاق

Mon, 22 Sep 2025 19:38:20    S O News

میسور، 22 ستمبر (ایس او نیوز/ایجنسی) عالمی شہرت یافتہ ادیبہ اور 2025ء کی بُوکر انعام یافتہ بانو مشتاق نے میسور دسہرہ کے افتتاح کے موقع پر اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے کہا کہ دسہرہ صرف ایک تہوار نہیں بلکہ ریاستی تہذیب و ثقافت کی جان اور تمام طبقات کو جوڑنے والا ایک عظیم اجتماع ہے۔

انہوں نے کہا کہ میسور کی دیوی چامُنڈیشوری طاقت، ہمت، محبت اور حفاظت کی علامت ہیں، اور دسہرہ انسانیت کے لیے امن، ہمدردی اور انصاف کا چراغ جلانے والا تہوار ہے۔ بانو مشتاق نے زور دیا کہ تہوار نفرت کو فروغ دینے کے بجائے محبت اور ہم آہنگی کو پھیلانے کا ذریعہ ہے۔

ادیبہ نے کہا کہ میسور دسہرہ دراصل "ہم آہنگی کی علامت" ہے، یعنی یہ تمام قوموں کے امن کا باغ ہے۔ ہماری ثقافت انسانوں کو جوڑنے، دلوں کو قریب کرنے اور نفرت کے اندھیروں کو مٹانے کی درسگاہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ زندگی کو ہتھیاروں سے نہیں بلکہ قلم اور الفاظ سے جیتا جا سکتا ہے اور نفرت کے بجائے محبت سے زندگی کو خوشبو دی جا سکتی ہے۔

بانو مشتاق نے اپنی زندگی کے فلسفے ’’انسان دوستی اور زندگی پرستی‘‘ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہر آواز کا احترام ہونا چاہیے، ہر رنگ کا پھول اپنی شان سے کھلے، ہر پرندہ اپنی دھن میں گائے اور سب مل کر ہم آہنگی کی ایک خوبصورت موسیقی تشکیل دیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ انسان خود سرحدیں بناتا ہے، لیکن ان سرحدوں کو مٹانا اور سب کے لیے یکساں احترام قائم کرنا ضروری ہے۔

اپنے خطاب میں انہوں نے کرناٹک کے قدیم حکمرانوں، بالخصوص نالوڈی کرشنا راجہ وڈییار اور جے چام راج وڈییار کے عدل، رواداری اور انسان دوستی کا ذکر کیا اور کہا کہ یہ روایات آج بھی ہمیں راستہ دکھاتی ہیں۔ انہوں نے جمہوریت کو صرف ایک نظام نہیں بلکہ ہر آواز کے احترام اور دوسروں کی زندگی میں مثبت کردار ادا کرنے کی ذمہ داری قرار دیا۔

اس موقع پر بانو مشتاق نے اپنی نظم ’’باگِن‘‘ بھی پیش کی، جس میں انہوں نے محبت، جدائی، زمین کی مٹی اور انسانی رشتوں کی گہرائی کو اجاگر کیا۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ دسہرہ کا یہ دیا صرف میسور یا ہندوستان تک محدود نہ رہے بلکہ پوری دنیا میں انسانیت کے لیے امن، ہمدردی، محبت اور انصاف کا پیغام پھیلائے۔
 


Share: