ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / بیدر میں قومی لوک عدالت کا کامیاب انعقاد: 81,508 مقدمات کا تصفیہ، 26 کروڑ روپے سے زائد کا مالی سمجھوتہ

بیدر میں قومی لوک عدالت کا کامیاب انعقاد: 81,508 مقدمات کا تصفیہ، 26 کروڑ روپے سے زائد کا مالی سمجھوتہ

Wed, 16 Jul 2025 11:17:28    S O News

بیدر، 16 جولائی (ایس او نیوز/ ایجنسی) نیشنل لیگل سروسز اتھارٹی، دہلی کی ہدایت پر ضلع لیگل سروسز اتھارٹی بیدر کی جانب سے 12 جولائی کو ضلع بھر کی تمام عدالتوں میں قومی لوک عدالت کا انعقاد کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں زیر التوا اور قبل از مقدمہ معاملات (پری لٹیگیشن) کا کامیابی کے ساتھ تصفیہ کیا گیا۔

ضلع لیگل سروسز اتھارٹی کے ممبر سکریٹری اور سینئر سول جج جسٹس پرکاش بنسودے نے میڈیا کو جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ اس لوک عدالت کے دوران بیدر ضلع میں جملہ 81,508 مقدمات کا تصفیہ عمل میں آیا، جن کے تحت فریقین کو مجموعی طور پر 26 کروڑ 15 لاکھ 36 ہزار 335 روپے بطور وصولی و معاوضہ فراہم کیے گئے۔

انہوں نے مزید وضاحت کی کہ ان میں 10,697 زیر التوا مقدمات شامل تھے جن کا تصفیہ کرتے ہوئے فریقین کو 11 کروڑ 5 لاکھ 50 ہزار 484 روپے ادا کیے گئے۔ اسی طرح 70,811 پری لٹیگیشن مقدمات (مقدمہ دائر ہونے سے پہلے کے معاملات) کا حل بھی باہمی رضا مندی سے نکالا گیا، جن کے تحت 15 کروڑ 9 لاکھ 85 ہزار 851 روپے کا مالی تصفیہ عمل میں آیا۔

لوک عدالت میں ازدواجی تنازعات پر بھی خصوصی توجہ دی گئی۔ جسٹس بنسودے نے بتایا کہ تین ازدواجی مقدمات کو باہمی صلح و صفائی کے ذریعے حل کیا گیا اور فریقین کو دوبارہ ایک ساتھ زندگی گزارنے کے لیے آمادہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ سات پرانے مقدمات کو بھی مکمل طور پر نمٹا دیا گیا۔

ضلع لیگل سروسز اتھارٹی نے اس کامیاب قومی لوک عدالت کے انعقاد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے عوام کو فوری، سستا اور باہمی افہام و تفہیم پر مبنی انصاف فراہم ہوتا ہے۔


Share: