بنگلورو، 7 جولائی (ایس او نیوز / ایجنسی) حالیہ دنوں ذرائع ابلاغ میں یہ خبریں تیزی سے گردش کر رہی ہیں کہ کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا کو آل انڈیا کانگریس کمیٹی (AICC) کی او بی سی (پسماندہ طبقات) مشاورتی کمیٹی کا صدر مقرر کیا گیا ہے۔ تاہم، ان خبروں پر وزیراعلیٰ دفتر (سی ایم او) کی جانب سے فوری ردعمل ظاہر کرتے ہوئے وضاحت پیش کی گئی ہے کہ یہ اطلاع بالکل بے بنیاد ہے۔
وزیراعلیٰ دفتر کے ذرائع نے واضح کیا کہ سدارامیا او بی سی مشاورتی کمیٹی کے صرف ایک رکن ہیں، نہ کہ اس کے صدر۔ او بی سی شعبے کی صدارت ڈاکٹر انیل جئے ہند کے پاس ہے، اور وہی 15 جولائی کو بنگلورو میں ہونے والے او بی سی مشاورتی اجلاس کی صدارت کریں گے۔
مذکورہ اجلاس کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی (کے پی سی سی) کے دفتر ’بھارت جوڑو بھون‘ میں منعقد ہوگا، جہاں وزیر اعلیٰ سدارامیا بطور میزبان شریک رہیں گے۔ اس اہم اجلاس میں ملک کی مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والے کانگریس کے سرکردہ رہنما، سابق وزرائے اعلیٰ، ارکان پارلیمان، ارکان اسمبلی اور تقریباً 50 دیگر ممتاز قائدین کی شرکت متوقع ہے۔
سی ایم او نے میڈیا اداروں سے گزارش کی ہے کہ وہ غیر مصدقہ اور قیاس پر مبنی خبروں کو نشر کرنے سے گریز کریں اور صرف باضابطہ ذرائع سے موصول ہونے والی معلومات کی بنیاد پر خبریں جاری کریں۔ دفتر نے اس بات پر زور دیا کہ ایسی غلط معلومات نہ صرف عوام میں الجھن پیدا کرتی ہیں بلکہ سیاسی حلقوں میں بھی غیر ضروری بحث کا باعث بنتی ہیں۔