ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / سدارامیا کا دوٹوک بیان: پریانک کھرگے کو مکمل تحفظ دیا جائے گا، آر ایس ایس سرگرمیوں پر پابندی پر غور جاری

سدارامیا کا دوٹوک بیان: پریانک کھرگے کو مکمل تحفظ دیا جائے گا، آر ایس ایس سرگرمیوں پر پابندی پر غور جاری

Wed, 15 Oct 2025 17:34:03    S O News

میسورو، 15 اکتوبر (ایس او نیوز/ایجنسی):ریاستی وزیر برائے دیہی ترقیات و پنچایت راج پریانک کھرگے کو موصول ہونے والی دھمکی آمیز فون کالوں کے بعد وزیرِ اعلیٰ سدارامیا نے سخت ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت انہیں مکمل تحفظ فراہم کرے گی، اور ایسے "دھمکی دینے والے عناصر" کے آگے نہ وہ جھکیں گے اور نہ ہی پریانک کھرگے پیچھے ہٹیں گے۔

میسورو ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ پریانک کھرگے نے خود انہیں اطلاع دی ہے کہ انہیں فون پر دھمکیاں مل رہی ہیں، اور ان دھمکیوں سے متعلق ایک آڈیو کلپ بھی منظرِ عام پر آیا ہے۔

سدارامیا نے وضاحت کرتے ہوئے کہا، "پریانک کھرگے نے صرف اتنا کہا ہے کہ سرکاری اداروں میں آر ایس ایس کی سرگرمیوں کی اجازت نہیں ہونی چاہیے اور تمل ناڈو کی طرز پر کرناٹک میں بھی پابندی عائد کی جانی چاہیے — اس میں غلط کیا ہے؟"

وزیرِ اعلیٰ نے مزید بتایا کہ تمل ناڈو میں آر ایس ایس پر پابندی کس بنیاد پر لگائی گئی ہے، اس کی تفصیلات معلوم کرنے کی ہدایت چیف سکریٹری کو دی گئی ہے، اور رپورٹ موصول ہونے کے بعد حکومت اس معاملے پر غور کرے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ "ہم ان دھمکیوں سے خوف زدہ نہیں ہوں گے، نہ پریانک ڈریں گے اور نہ میں۔ یہ شرپسند عناصر ہمیشہ اسی طرح کی حرکتیں کرتے رہتے ہیں۔"

بی جے پی پر طنز کرتے ہوئے سدارامیا نے کہا، "بی جے پی والے کہتے ہیں کہ آر ایس ایس پر پابندی لگانے کی ہم میں ہمت نہیں، اگر ان میں اتنی طاقت ہے تو وہی لگا کر دکھائیں۔ الیکشن کے وقت بھی انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ سب کچھ کر سکتے ہیں، مگر نتیجہ کیا ہوا؟ وہ خود ہار گئے۔"

ریاستی سماجی، اقتصادی اور تعلیمی سروے میں تاخیر کے سوال پر وزیرِ اعلیٰ نے وضاحت کی کہ بنگلورو شہر کو چھوڑ کر ریاست کے کسی ضلع میں شرحِ تکمیل میں کوئی کمی نہیں آئی۔

سدارامیا نے مزید کہا کہ حکومت تمام اراکینِ اسمبلی کو ترقیاتی فنڈ فراہم کر رہی ہے اور کسی کے ساتھ امتیاز نہیں برتا جا رہا۔ ان کے مطابق، ریاست کی ہمہ جہتی ترقی ہمارا مقصد ہے۔

میسورو میں بڑھتے جرائم سے متعلق سوال پر وزیرِ اعلیٰ نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت اس معاملے کی پوری طرح جانچ کرے گی۔


Share: