ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / نیٹ احتجاج کی علامت بننے والی ریا آہیر کو جان سے مارنے کی دھمکیاں، شکایت درج

نیٹ احتجاج کی علامت بننے والی ریا آہیر کو جان سے مارنے کی دھمکیاں، شکایت درج

Tue, 28 Jul 2026 11:08:19    S O News
نیٹ احتجاج کی علامت بننے والی ریا آہیر کو جان سے مارنے کی دھمکیاں، شکایت درج

ممبئی ، 28/ جولائی (ایس او نیوز /ایجنسی) شیواجی پارک میں نیٹ پیپر لیک کے خلاف احتجاج کے دوران اپنے ساتھیوں کی گرفتاری پر پولیس وین کو روک کر مزاحمت اور بیباکی کی علامت بننے والی ماڈل ریا یادو عرف ریا آہیر اب آن لائن دھمکیوں اور ہراسانی سے پریشان ہیں۔ انہوں نے اس کے خلاف ممبئی سائبر سیل میں شکایت درج کرائی ہے۔

پولیس وین کے سامنے کھڑے ہوکر، ایک ساتھ سے اسے روکنے والی اس بہادر خاتون نے سائبر سیل کو کی گئی آن لائن شکایت میں بتایا ہے کہ اسے دھمکیاں دی جا رہی ہیں اور اس کی کردار کشی کرتے ہوئے اسے ہراساں کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے پولیس کو بتایا ہے کہ ’’اب تک انہیں نامعلوم افراد آن لائن دھمکیاں دے رہے ہیں لیکن انہیں ڈر ہے کہ بات اس سے آگے بڑھ کر کہیں کوئی انہیں یا ان کے والدین کو نقصان نہ پہنچائے۔‘‘

ریا کے مطابق ’’مجھے اس بات کا افسوس نہیں کہ میں احتجاج میں کیوں شامل ہوئی بلکہ میں خوش اور پراعتماد ہوں کہ میں نے حق کے لئے آواز بلند کی۔ میں نے پولیس میں شکایت اس لئے کی ہے کہ میں نفرت انگیز تبصرہ کرنے والوں اور بے ہودہ پیغام بھیجنے والوں کو منہ توڑ جواب دینا چاہتی ہوں۔‘‘

انہوں نے بتایا کہ انسٹاگرام پر ان کے تعلق سے گمراہ کن میسج پھیلائے جا رہے ہیں۔ اس سے پہلے کہ یہ میسج پھیلانے والے اپنی حدوں کو پار کریں، ان پر لگام لگانا ضروری تھا، اس لئے میں نے پولیس میں شکایت کی ہے اور پیر کو پولیس افسر سے ملاقات کر خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کی اپیل بھی کی ہے۔

اطلاع ہے کہ ان کے نازیبا ویڈیو بنا کر بھی ان کی کردار کشی کی جا رہی ہے۔


Share: