بھٹکل 27/ اکتوبر (ایس او نیوز) بھٹکل ۔ ہوناور اسمبلی حلقے کے سابق رکن اسمبلی اور کرناٹک کے سابق وزیر آر این نائک کی اپنے فرزند ایڈوکیٹ وکرم نائک کے ہمراہ بنگلورو میں وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار، سابق وزیر اعلیٰ سدارامیا اور کانگریس کے دیگر سرکردہ رہنماؤں سے حالیہ ملاقاتوں کے بعد ضلع اتر کنڑا کے سیاسی حلقوں میں چہ میگوئیاں تیز ہوگئی ہیں۔ ان ملاقاتوں کو آئندہ اسمبلی انتخابات میں وکرم نائک کی جانب سے بھٹکل۔ہوناور حلقے سے کانگریس ٹکٹ حاصل کرنے کی ممکنہ کوششوں کے تناظر میں دیکھا جارہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق، آر این نائک نے حال ہی میں وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار سے بنگلورو میں ان کے سرکاری دفترِ اقامت ’کرشنا‘ میں ملاقات کی۔ اس دوران سابق وزیر اعلیٰ ایس بنگارپا کے دور سے دونوں کے درمیان قائم دیرینہ تعلقات کا بھی ذکر ہوا۔ بتایا جاتا ہے کہ شیوکمار نے وہاں موجود وزیر پریانک کھرگے اور دیگر وزراء و اراکین اسمبلی سے آر این نائک کا تعارف کراتے ہوئے ان کے ساتھ اپنے پرانے تعلقات کا حوالہ دیا۔
آر این نائک نے اپنے فرزند وکرم نائک کے ہمراہ سابق وزیر اعلیٰ سدارامیا سے بھی ملاقات کی، جس میں ملک اور ریاست کی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق، سدارامیا کی رہائش گاہ پر ایک اور ملاقات کے دوران ضلع اتر کنڑا کی سیاسی صورت حال اور بدلتی ہوئی سیاسی سرگرمیوں پر گفتگو ہوئی۔

سابق وزیر آر این نائک نے کانگریس کے دیگر اہم رہنماؤں، جن میں سابق وزیر مہادیوپا، بسواراج رائریڈی اور سابق وزیر اعلیٰ ویرپا موئلی شامل ہیں، سے بھی ملاقاتیں کیں اور اپنے فرزند ایڈوکیٹ وکرم نائک کو ان سے متعارف کرایا۔
بتایا جاتا ہے کہ وکرم نائک گزشتہ چند ماہ سے ریاست کے متعدد سرکردہ سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں کررہے ہیں۔ ان میں نائب وزیر اعلیٰ جی پرمیشور، وزیر رام لنگا ریڈی، مدھو بنگارپا، یو ٹی قادر، قانون ساز کونسل کے چیئرمین سلیم احمد، کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر بی کے ہری پرساد اور آر وی دیش پانڈے سمیت دیگر اہم شخصیات شامل ہیں۔ ان ملاقاتوں کے بعد یہ قیاس آرائیاں زور پکڑ رہی ہیں کہ وکرم نائک آئندہ اسمبلی انتخابات میں بھٹکل۔ہوناور حلقے سے کانگریس ٹکٹ کے دعوے دار بننے کی تیاری کررہے ہیں۔
آر این نائک بھٹکل۔ہوناور اسمبلی حلقے سے تین مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہوچکے ہیں۔ سابق وزیر اعلیٰ ویرپا موئلی کے دورِ وزارتِ اعلیٰ میں وہ ریاستی کابینہ میں اطلاعات اور کنڑا و ثقافت کے وزیر رہے۔ اپنی صاف گوئی اور بے باک انداز کے لیے معروف ایڈوکیٹ آر این نائک سابق وزیر اعلیٰ ایس بنگارپا کے قریبی ساتھیوں میں شمار ہوتے تھے۔ ریاستی اور قومی سطح پر کانگریس کی قیادت کے ساتھ بھی ان کے دیرینہ روابط رہے ہیں۔
ان کے فرزند ایڈوکیٹ وکرم نائک پیشے کے اعتبار سے وکیل ہونے کے ساتھ سماجی سرگرمیوں میں بھی فعال ہیں۔ وہ برہما شری نارائن گرو پسماندہ طبقات فورم کے صدر ہیں اور مختلف تنظیموں کے اشتراک سے پروگرام منعقد کرتے رہتے ہیں۔ عوامی مسائل کو اجاگر کرنے اور ان کے حل کے لیے کوششیں کرنے کے علاوہ وہ بھٹکل اور ہوناور میں اپنی سماجی و سیاسی سرگرمیوں کو وسعت دے رہے ہیں۔
ساحل آن لائن سے فون پر بات کرتے ہوئے ایڈوکیٹ وکرم نائک نے کہا کہ اگر حلقے کے عوام کا ساتھ ملا اور کانگریس پارٹی کی جانب سے گرین سگنل ملا تو وہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں بھٹکل۔ہوناور کی نمائندگی کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ان کے مطابق، انتخابی میدان میں اترنے کے لیے پارٹی کی حمایت کے ساتھ عوام کا اعتماد بھی ضروری ہے۔
وکرم نائک کے اس بیان اور ان کے والد کی کانگریس کے سرکردہ رہنماؤں سے حالیہ ملاقاتوں کے بعد بھٹکل۔ہوناور اسمبلی حلقے میں آئندہ انتخابات کے لیے کانگریس کے ممکنہ امیدواروں کے تعلق سے سیاسی بحث تیز ہوگئی ہے۔