ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / سی ای ٹی داخلے کے لیے ریاست گیر مشاورتی مہم: 28 جون کو سرکاری انجینئرنگ کالجوں میں خصوصی رہنمائی پروگرام

سی ای ٹی داخلے کے لیے ریاست گیر مشاورتی مہم: 28 جون کو سرکاری انجینئرنگ کالجوں میں خصوصی رہنمائی پروگرام

Wed, 25 Jun 2025 20:12:43    S O News

بنگلورو، 25 جون (ایس او نیوز/ایجنسی)کرناٹک حکومت نے سی ای ٹی (UGCET) امیدواروں اور ان کے سرپرستوں کی بہتر رہنمائی کے لیے ایک ریاست گیر مشاورتی مہم کا آغاز کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس مہم کے تحت 28 جون کو ریاست کے مختلف اضلاع میں واقع سرکاری انجینئرنگ کالجوں، گرانٹ یافتہ اداروں اور سرکاری پالی ٹیکنک کالجوں میں "مشاورتی منتھن" کے عنوان سے ایک خصوصی معلوماتی ورکشاپ منعقد کی جائے گی۔

ریاستی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم ڈاکٹر ایم سی سدھاکر نے اخباری بیان میں کہا کہ اس پروگرام کا مقصد سی ای ٹی امیدواروں اور ان کے والدین کو داخلے کے مختلف مراحل، جیسے سیٹوں کی تقسیم، کونسلنگ کے طریقہ کار، کالج کے انتخاب، اور آپشن انٹری کے بارے میں واضح اور شفاف معلومات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض افراد اس عمل کو پیچیدہ ظاہر کر کے والدین اور طلبہ کو جعلی مشوروں کے ذریعے دھوکہ دینے کی کوشش کرتے ہیں، جس کا تدارک اس مہم کے ذریعے کیا جائے گا۔

یہ پروگرام ریاست کے 16 سرکاری انجینئرنگ کالجوں، 8 گرانٹ یافتہ اداروں، 6 وشویشوریا ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی (VTU) سے منسلک کالجوں اور 9 اضلاع کے سرکاری پالی ٹیکنک اداروں میں منعقد ہوگا۔ جن اضلاع میں یہ پروگرام ہوں گے ان میں چکمگلورو، دھارواڑ (ہبلی)، کولار (کے جی ایف)، منگلورو، شیموگہ، ٹمکورو، اُڈپی، وجےپور اور یادگیر (سوراپور) شامل ہیں۔

ورکشاپ میں طلبہ اور ان کے والدین کو عام طور پر اٹھائے جانے والے سوالات جیسے: "کون سا کالج منتخب کریں؟"، "آپشن انٹری کا طریقہ کیا ہے؟"، "کونسلنگ کیسے کی جاتی ہے؟" جیسے موضوعات پر تفصیلی معلومات فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ سرکاری انجینئرنگ کالجوں کی کارکردگی اور ترقی سے متعلق بھی معلومات دی جائیں گی۔

ڈاکٹر سدھاکر نے کہا کہ حکومت داخلے کے عمل کو شفاف اور عوام دوست بنانے کے لیے مسلسل تکنیکی اصلاحات کر رہی ہے، تاکہ کسی کو بھی دھوکہ دہی یا غیر ضروری اخراجات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مشاورتی پروگرام طلبہ اور سرپرستوں کے لیے ایک سنہری موقع ہے کہ وہ مکمل اور درست رہنمائی حاصل کر کے اپنے تعلیمی مستقبل کے لیے بہتر فیصلے کریں۔

وزیر موصوف نے اُمید ظاہر کی کہ یہ مشاورتی ورکشاپ سی ای ٹی امیدواروں کے لیے رہنمائی کا مؤثر ذریعہ ثابت ہوگی اور داخلے کا عمل مزید شفاف و قابل فہم بنے گا۔


Share: