ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / بیلگام میں آر ایس ایس مارچ میں شرکت پر طالب علم کو سزا، ٹیچر کے خلاف بی جے پی برہم

بیلگام میں آر ایس ایس مارچ میں شرکت پر طالب علم کو سزا، ٹیچر کے خلاف بی جے پی برہم

Fri, 17 Oct 2025 23:12:41    S O News
بیلگام میں آر ایس ایس مارچ میں شرکت پر طالب علم کو سزا، ٹیچر کے خلاف بی جے پی برہم

بیلگاوی، 17 اکتوبر (ایس او نیوز): آر ایس ایس (راشٹریہ سویم سیوک سنگھ) کے پَتھ سنچلن پروگرام میں شرکت کرنے والے ایک طالبعلم کو سزا دینا ایک اسکول ٹیچر کے لیے تنازعے کا سبب بن گیا۔ اس واقعے پر بی جے پی نے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، بیلگاوی کے کیمپ علاقے میں واقع ایک نجی اسکول کے پانچویں جماعت کے طالبعلم نے اتوار کے روز، جو کہ اسکول کی چھٹی کا دن تھا، آر ایس ایس کے مارچ میں حصہ لیا تھا۔ لیکن اگلے روز اسکول میں مذکورہ طالبعلم کو خاتون ٹیچر، جن کا نام "کاویری" بتایا گیا ہے، نے مبینہ طور پر کلاس کے اندر اور باہر سزا دی۔

طالبعلم نے والدین کو بتایا کہ اُسے نہ صرف کلاس میں سب کے سامنے شرمندہ کیا گیا بلکہ اس کی وردی پہنے ہوئے تصویر اور فیس بُک پر شیئر کی گئی ویڈیو کو بھی دکھا کر مذاق اُڑایا گیا۔ والدین کا کہنا ہے کہ ٹیچر نے بچے کی ذاتی سرگرمی کو سیاسی مسئلہ بناتے ہوئے اس کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔

اس واقعے پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی خواتین ونگ کی ریاستی سیکرٹری ڈاکٹر سونالی سرنوبت نے سخت ردعمل دیتے ہوئے ٹیچر کے رویے کو ناقابلِ قبول قرار دیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ اسکول انتظامیہ اس معاملے میں وضاحت پیش کرے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیچر کو عوامی سطح پر معافی مانگنی چاہیے، بصورت دیگر اسکول کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔


Share: