ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / تھائی لینڈ میں خوفناک حادثہ، مسافر ٹرین پر کرین گرنے سے 22 ہلاک، کئی زخمی

تھائی لینڈ میں خوفناک حادثہ، مسافر ٹرین پر کرین گرنے سے 22 ہلاک، کئی زخمی

Wed, 14 Jan 2026 18:23:35    S O News
تھائی لینڈ میں خوفناک حادثہ، مسافر ٹرین پر کرین گرنے سے 22 ہلاک، کئی زخمی

بنکاک ، 14/ جنوری (ایس او نیوز /ایجنسی)تھائی لینڈ میں چین کے تعاون سے جاری ہائی سپیڈ ریلوے ٹریک پر ایک کرین مسافر ٹرین پر گرنے کے نتیجے میں کم از کم 22 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔

فرانسیسی  نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق حکام نے کہا کہ یہ حادثہ صوبہ ناخون راتچاسیما میں پیش آیا جو دارالحکومت بینکاک کے شمال مشرق میں واقع ہے۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ صبح تقریباً 9 بجے ایک زور دار آواز سنائی دی، جیسے کوئی چیز اوپر سے پھسل کر گر رہی ہو، اس کے بعد دو دھماکے ہوئے۔ جب لوگ موقعے پر پہنچے تو دیکھا کہ کرین تین ڈبوں والی مسافر ٹرین پر گری ہوئی ہے۔ کرین نے ٹرین کی بوگی کو دو حصوں میں تقسیم کر دیا۔

پولیس کے مطابق حادثے میں 22 افراد ہلاک اور 80 زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے۔ حکام نے ہسپتالوں سے زخمیوں کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔ ٹرین بینکاک سے اُبون راتچتھانی صوبے جا رہی تھی اور اس میں 195 مسافر سوار تھے۔

یہ حادثہ اُس تعمیراتی مقام پر پیش آیا جو 5.4 ارب ڈالر کے منصوبے کا حصہ ہے۔ یہ منصوبہ چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے تحت 2028 تک مکمل ہونا ہے، جس کا مقصد بینکاک کو چین کے شہر کُنمنگ سے لاؤس کے راستے جوڑنا ہے۔ منصوبے کی تکمیل کے بعد 600 کلومیٹر طویل ہائی سپیڈ ریلوے پر چینی ساختہ ٹرینیں 250 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی۔

مقامی میڈیا کی براہِ راست نشریات میں دیکھا گیا کہ ریسکیو اہلکار دھوئیں اور ملبے کے درمیان پھنسے مسافروں کو نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بعد ازاں حکام نے اطلاع دی کہ کیمیائی لیکیج کے باعث ریسکیو آپریشن عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔

تھائی لینڈ میں صنعتی اور تعمیراتی حادثات عام ہیں، جہاں حفاظتی قوانین پر عملدرآمد کمزور ہے۔ ماضی میں بھی ریلوے حادثات میں متعدد جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔


Share: