میسورو، 21 اکتوبر (ایس او نیوز / ایجنسی):میسورو ضلع کے سالیگرام علاقے میں دیوالی کی تعطیلات کے دوران ایک دل دہلا دینے والا سانحہ پیش آیا، جب تین کمسن لڑکے نہر میں تیراکی کے دوران ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔ یہ افسوسناک واقعہ چامراج نہر کے قریب پیش آیا، جس نے پورے علاقے کو سوگوار کر دیا ہے۔
ہلاک ہونے والے بچوں کی شناخت ایان (16)، آذان (13) اور لُقمان (14) کے طور پر کی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ تینوں بچے پیر کی شام نہر میں تیراکی کے لیے گئے تھے لیکن واپس نہیں لوٹے۔ جب شام ڈھلنے کے بعد بھی ان کا کوئی سراغ نہ ملا تو گھر والوں نے تلاش شروع کی، جس دوران نہر کے کنارے سے ان کے کپڑے اور چپلیں برآمد ہوئیں۔ اس کے بعد واقعہ کی اطلاع پولیس کو دی گئی۔
ذرائع کے مطابق ایان اور آذان کے۔آر۔پیٹ کے ایک نجی اسکول میں زیرِ تعلیم تھے اور دیوالی کی چھٹیوں کے موقع پر اپنے آبائی گاؤں آئے ہوئے تھے۔ تینوں دوست شام تقریباً چار بجے تیراکی کے لیے نہر کی طرف گئے تھے، مگر واپسی نہ ہو سکی۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سالیگرام پولیس، فائر بریگیڈ اور غوطہ خوروں کی ٹیم جائے وقوع پر پہنچی اور ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ اب تک دو بچوں کی لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں، جب کہ تیسرے کی تلاش جاری ہے۔
پولیس نے معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے۔ اس حادثے سے علاقے میں غم و صدمے کی فضا چھا گئی ہے، اور مقامی لوگوں نے اسے دیوالی کی خوشیوں کے بیچ ایک المیہ قرار دیا ہے۔