ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کلبرگی ووٹر لسٹ دھاندلی میں ملوث افراد کو سزا دینے پرینک کھرگے کا اعلان

کلبرگی ووٹر لسٹ دھاندلی میں ملوث افراد کو سزا دینے پرینک کھرگے کا اعلان

Sat, 25 Oct 2025 11:35:53    S O News

بنگلورو، 25 اکتوبر (ایس او نیوز / ایجنسی) 2023 کے اسمبلی انتخابات کے دوران کلبرگی ضلع کے آلند اسمبلی حلقہ میں ووٹر لسٹوں سے ووٹروں کے نام غیر قانونی طریقے سے حذف کیے جانے کے معاملے پر کئی دنوں سے کانگریس کی طرف سے شکایات سامنے آتی رہی ہیں۔

اس معاملے میں جانچ کر رہی خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) کی تحقیقات نے اب دھاندلی کی تصدیق کر دی ہے۔ یہ بات ریاستی وزیر برائے دیہی ترقیات اور آئی ٹی بی ٹی پرینک کھرگے نے کہی۔

پرینک کھرگے نے کہا کہ بی جے پی کے رہنماؤں اور ان کے ساتھیوں نے انتخابات میں کس طرح دھاندلی کی، اس کی تصدیق جانچ کے ذریعے ہو رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ووٹ چوری کے اس معاملے میں جن لوگوں نے حصہ لیا، ان سب کی نشاندہی کی جائے گی اور وہ سب جیل جائیں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ تحقیقات کے دوران ثبوتوں سے یہ سامنے آیا ہے کہ ووٹر لسٹوں سے 6 ہزار سے زیادہ نام حذف کرنے کے لیے ہر ووٹر کے عوض 80 روپے کی رقم ادا کی گئی۔

پرینک کھرگے نے کہا کہ اس قسم کی حرکتوں کے ذریعے جمہوریت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی، اور ایسا کرنے والوں کو کبھی معاف نہیں کیا جائے گا۔


Share: