ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کرناٹک میں بھی پیش آیاکیرالہ کی ’سائینائیڈ کلر‘ جیسا واقعہ: ناجائز تعلقات چھپانے کے لیے اہلِ خانہ کو نیند کی گولیاں کھلا کرایک خاتون نے کی مارنے کی کوشش

کرناٹک میں بھی پیش آیاکیرالہ کی ’سائینائیڈ کلر‘ جیسا واقعہ: ناجائز تعلقات چھپانے کے لیے اہلِ خانہ کو نیند کی گولیاں کھلا کرایک خاتون نے کی مارنے کی کوشش

Wed, 11 Jun 2025 20:16:47    S O News
کرناٹک میں بھی پیش آیاکیرالہ کی ’سائینائیڈ کلر‘ جیسا واقعہ:  ناجائز تعلقات چھپانے کے لیے اہلِ خانہ کو نیند کی گولیاں کھلا کرایک خاتون نے کی  مارنے کی کوشش

ہاسن ، 11 / جون (ایس او نیوز)کرناٹک کے ضلع ہاسن کے بیلور تعلقہ سے تعلق رکھنے والی ایک 33 سالہ خاتون  چائترا کو اپنے شوہر، بچوں اور سسرالی رشتہ داروں کو نیند کی گولیاں کھلا کر مارنے کی کوشش کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق اس نے یہ انتہائی قدم اپنے ناجائز تعلقات کو چھپانے کے لیے اُٹھایا تھا۔

چائترا کی شادی گیارہ سال قبل گجیندر نامی شخص سے ہوئی تھی، اور ان کے دو بیٹے بھی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ چائترا اپنے شوہر سے آئے دن چھوٹی چھوٹی باتوں پر جھگڑا کرتی تھی، اور گزشتہ تین سال سے ان کے رشتے میں تلخی بڑھتی جا رہی تھی۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق، اس دوران چائترا کا تعلق  پونیت نامی شخص سے قائم ہوا، بعد میں اس نے بیلور کے رہائشی شیوو کے ساتھ نیا ناجائز تعلق قائم کیا۔ جب اس کے شوہر گجیندر کو اس بارے میں معلوم ہوا تو اس نے اپنے سسرال والوں کو مطلع کیا، جنہوں نے میاں بیوی کے درمیان صلح کی کوشش بھی کی۔

تاہم چائترا نے شیوو کی مدد سے اپنے اہلِ خانہ کو دھیرے دھیرے نیند کی گولیاں کھلانا شروع کر دیں، تاکہ وہ سب کو مار کر اپنے تعلقات کی حقیقت کو چھپا سکے۔ خوش قسمتی سے گجیندر کو اس خطرناک منصوبے کا علم ہو گیا، جس پر اس نے فوراً پولیس کو اطلاع دی۔

پولیس نے چائترا کو گرفتار کر لیا ہے اور اس کے خلاف تفتیش جاری ہے۔ افسران کا کہنا ہے کہ یہ کیس کئی حوالوں سے کیرالہ کے مشہور "سائینائیڈ کلر" کیس سے مشابہت رکھتا ہے، جس میں جولی جوزف نامی خاتون نے 14 سال کے عرصے میں اپنے خاندان کے 6 افراد کو زہر دے کر قتل کر دیا تھا۔

پولیس اس معاملے کو نہایت سنجیدگی سے لے رہی ہے اور تمام پہلوؤں سے تحقیقات کررہی ہے۔


Share: