بریلی،27؍جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)اترپردیش کے بریلی ضلع میں چھیڑخانی کی مخالفت کرنے پر ایک نوجوان کے ذریعہ ایک طالبہ کو مبینہ طور پر جلا کر مار ڈالنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔پولیس ذرائع نے منگل کو درج رپورٹ کے حوالے سے یہاں بتایا کہ ضلع کے شاہی گنیش پور رہائشی ہوم گارڈ جوان نونی رام کی بڑی بیٹی اور بی اے کی طالبہ ببلی( (18پیر کی رات اپنے گھر میں کام کر رہی تھی۔لواحقین گرمی کی وجہ سے چھت پر تھے۔دریں اثنا پڑوس میں رہنے والا نوجوان ہری اوم موبائل فون کو چارج کرنے کے بہانے گھر میں گھسا۔انہوں نے بتایا کہ الزام ہے کہ ہری اوم نے ببلی سے چھیڑ چھاڑ کی کوشش کی، جس کی اس نے مخالفت کی،شور بھی مچایا، لیکن پڑوس میں ہی آٹے کی چکی چلنے کی وجہ سے ببلی کی چیخ چھت پر بیٹھے اس کے رشتہ دار تک نہیں جا سکی۔ذرائع نے بتایا کہ معاملہ کھلنے کے خوف سے ہری اوم نے گھر میں رکھے برتن سے ببلی پر مٹی کا تیل ڈال کر آگ لگا دی۔
آگ کی لپٹیں اٹھنے پر اہل خانہ کو واقعہ کا پتہ چلا لیکن ان کے نیچے پہنچنے تک آگ نے پورے کمرے کو لپیٹ میں لے لیا۔ببلی کو شدید جھلسی ہوئی حالت میں ضلع اسپتال لے جایا گیا جہاں علاج کے دوران دیر رات اس نے دم توڑ دیا۔بریلی ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ (دیہی)کھیاتی گرگ نے بتایا کہ ملزم ہری اوم کے خلاف تھانہ شاہی میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔اس کی تلاش جاری ہے،لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا گیا ہے۔