یلاپور، 30 / اپریل (ایس او نیوز) تعلقہ کے اومچگی گرام میں سائبر فراڈ کا ایک بڑا معاملہ سامنے آیا ہے جس میں فریب کاروں نے نقلی پولیس کے بھیس میں ایک معمر شخص سے 1.74 کروڑ روپے وصول کیے ۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق سائبر فراڈ کا شکار ہونے والے شخص کی شناخت ایل آئی سی کے ایجنٹ کے طور پر خدمات انجام دینے والے شیوانند تمپّا ہیگڑے (69 سال) کے طور پر کی گئی ہے ۔
بتایا جاتا ہے کہ شیوانند ہیگڑے کو 7502502510 91 + نمبر سے ایک کال آیا جس میں ایک شخص نے خود کو ممبئی پولیس کے افسر کے طور پر بات کی اور بتایا کہ اس کا بینک اکاونٹ دہشت گردوں کی طرف سے منی لانڈرنگ کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے ۔ اس لئے اس کے خلاف معاملہ درج ہوا ہے ۔
شیوانند ہیگڑے کے مطابق ممبئی پولیس کے سینئر آفیسر کا یونیفارم پہن کر ویڈیو کال کرنے والے فریب کار نے ہدایت دی کہ اس معاملے کی جانچ ہونے تک اس کے کھاتے میں موجود تمام رقم 'ریزرو بینک' کے نام سے بھیجے گئے بینک اکاونٹ میں منتقل کر دے اور ہر روز اپنی 'لائیو لوکیشن' شیئر کرتا رہے ۔ اس کے ساتھ یہ دھمکی بھی دی گئی کہ اگر یہ بات کسی اور کو بتائی تو فوری طور پر اسے گرفتار کیا جائے گا ۔
ہیگڑے کا کہنا ہے کہ وہ خوف اورذہنی ہراسانی کا شکار ہوگیا اور فریب کاروں کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے مرحلہ وار جملہ 1,74,50,000 روپے مختلف نقلی بینک کھاتوں میں منتقل کیے ۔ پھر جب اپنے ساتھ ہوئی دھوکہ دہی کا احساس ہوا تو شیوانند ہیگڑے نے کارور کے سائبر پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی ۔
پولیس نے معاملہ درج کرنے کے بعد اس معاملے کی تحقیقات شروع کی ہے ۔