سرسی، 28 / اپریل (ایس او نیوز) سرسی - ہاویری نیشنل ہائی وے کی مرمت، توسیع اور تارکول بچھانے کا کام چلنے کے دوران بے موسم بارش برسنے کی وجہ سے پورا ہائی وے ایک کیچڑ کے میدان میں تبدیل ہوگیا ہے ۔
دو دن پہلے ہوئی برسات وجہ سے سڑک پر جس قسم سے کیچڑ جمع ہوگیا ہے اس کے نتیجے میں عام موٹر گاڑیوں کے علاوہ مرمت کے کام میں استعمال ہونے والی گاڑیاں تک اس سڑک پر چلانا ناممکن سا ہو گیا ہے ۔ اس سڑک کی جو بدحالی ہے اس کا اندازہ ڈرون کی مدد سے لی گئی ویڈیو کلپ سے کیا جا سکتا ہے، جو اس وقت سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ اس ویڈیو کلپ کو وزیر اعظم نریندرا مودی کے ساتھ ٹیگ کیا گیا ہے اور مرمتی کام کی ناکامی کے خلاف ایک مہم چلائی جا رہی ہے ۔
بتایا جاتا ہے کہ سڑک پرکئی جگہ بڑے بڑے گڈھے بن گئے ہیں اور ان کے اندر بڑی مقدار میں برسات کا پانی اور کیچڑ جمع ہو گیا ہے ۔ دو پہیہ گاڑیاں چلانے کا مطلب اپنی جان کو ہتھیلی پر رکھنا ہوگیا ہے ۔ ہائی وے پر توسیع کے لئے سنّا کیری نامی مقام پر مٹی کا پہاڑ کھودا جا رہا ہے ، ایسے میں اگر تھوڑی سی بھی برسات ہوتی ہے تو وہاں کی مٹی کیچڑ بن کر سڑک پر بہتی ہے ۔ اس سڑک پر چلنے والی سرکاری بسوں اور ریت لے جانے والی لاریوں کو گھنٹوں انتظار کرنا پڑتا ہے جبکہ دوسری گاڑیوں کے لئے متبادل راستہ اختیار کرنا ناگزیر ہو جاتا ہے ۔
عوام کو تشویش اس بات پر ہے کہ ابھی بن موسم کی برسات میں ہی اس نیشنل ہائی وے کا یہ حال ہوگیا ہے، تو پھر باقاعدہ مانسون کا موسم شروع ہونے پر سڑک اور عوام کی کیا درگت ہوگی اس بارے میں اندازہ لگایا جا سکتا ہے ۔