منگلورو ، 28/ اپریل (ایس او نیوز) گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ تھمبے وینٹڈ ڈیم میں پانی کی سطح 4.47 میٹر تک گر گئی ہے ۔ خیال رہے کہ یہ ڈیم منگلورو شہر کے لیے پینے کا پانی فراہم کرنے کا بنیادی ذریعہ ہے اور یہاں گزشتہ سات سالوں میں ریکارڈ کی گئی یہ سب سے کم سطح ہے ۔
پانی کی قلت کے اس بحران پر قابو پانے کے لئے منگلورو سٹی کارپوریشن (MCC) نے یکم مئی سے پانی کی راشننگ کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت پانی کی فراہمی متبادل دنوں میں یعنی دو دن میں ایک بار کی جائے گی ۔
پانی کے ذخیرہ میں شدید قلت کی موجودہ صورتحال کا اہم سبب پری مانسون بارشوں میں نمایاں کمی ہے ۔ پچھلے اعداد و شمار کے مطابق 2025 میں ضلع دکشن کنڑا میں 25 اپریل تک 119.7 ملی میٹر بارش ہوئی تھی جس سے تھمبے کے پانی کی سطح 5.35 میٹر رہ گئی تھی ۔ تاہم اس سال خطے میں صرف 41.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔ نتیجتاً مارچ کے آخر میں ڈیم میں پانی کی آمد رک گئی ۔ 4.47 میٹر کی موجودہ سطح 2017 کی 4.18 میٹر سطح کے بعد سب سے کم ہے ۔
منگلورو شہر کو روزانہ تقریباً 160 ملین لیٹر پانی کی ضرورت ہوتی ہے اس لئے موجودہ ذخیرہ بہت اہم ہے ۔ افسران کے مطابق 4.50 میٹر کی سطح شہر کو 30 دن تک پانی کی فراہمی برقرار رکھ سکتی ہے، جب کہ 4 میٹر کی سطح صرف 23 دن تک چل سکتی ہے ۔
تھمبے ڈیم میں پانی ذخیرہ کی کم سطح کے باوجود افسران کا خیال ہے کہ بنٹوال میں اے ایم آر، بلیور، اور جاکریبٹو ڈیموں میں جو پانی کا ذخیرہ ہے وہ موجودہ قلت کی شدت کو کم کرنے میں مدد کر سکتا ہے ۔
راشننگ اور سپلائی کا شیڈول : یکم مئی سے منگلورو شہر اور سورتکل علاقوں میں پانی کا راشن باضابطہ طور پر نافذ کیا جائے گا ۔ مانسون کی آمد تک موجودہ ذخائر سے کام چلانے کے لیے متبادل دن کی بنیاد پر پانی فراہم کیا جائے گا اوریہ سلسلہ مئی کے آخر تک چلنے کے امکانات ہیں ۔
افسران نے خبردار کیا ہے کہ اگر پری مانسون یا مانسون کی بارشوں میں مزید تاخیر ہوئی تو شہر کو پانی کے شدید بحران کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔
پانی کے منصفانہ استعمال کی اپیل : سٹی کارپوریشن نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پینے کے پانی کو ترجیح دیں اور اسے ضائع ہونے سے بچائیں ۔ رہائشیوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ نلکے کے پانی کو کاریں، دو پہیہ گاڑیاں، اور رکشہ دھونے، باغبانی، یا جانوروں کو نہلانے جیسے غیر ضروری مقاصد کے لیے استعمال کرنے سے گریز کریں ۔