منڈگوڈ 28 / اپریل (ایس او نیوز) منڈگوڈ بس اسٹینڈ کے قریب ایک ہوٹل میں دو دن قبل ہوئے ضمیر احمد نامی خص کے قتل معاملے میں ملوث پانچ ملزمین کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے ۔
پولیس نے مستعدی سے کارروائی کرتے ہوئے جن ملزمان کو گرفتار کیا ہے ان کی شناخت منڈگوڈ تعلقہ کے راوڈی شیٹر منجو ناتھ کاجگار، شریکانت کیرنّاور، دھارواڑ سے تعلق رکھنے والے منجو ناتھ بیلگاوں، ابھیشیک بڈشیٹی اور دیپک نوالے کے طور پر کی گئی ہے ۔
ملزمان کے قبضے سے پولیس نے قتل کی واردات انجام دینے کے لئے استعمال کی گئی دو بائکس، ایک کار اور چھ زندہ گولیوں کے ساتھ ایک دیسی پستول ضبط کیا ہے ۔
بتایا جاتا ہے کہ ملزم نمبر ایک منجو ناتھ کاجگار کی مقتول ضمیر احمد کے والد نذیر احمد درگا والے کے ساتھ پرانی رقابت چل رہی تھی ۔ اسی دشمنی کے چلتے اس نے دیگر کرایے کے قاتلوں کو سپاری دے کر اپنے ساتھ ملایا اور ایک ٹولی بنا کر اس واردات کو انجام دیا ۔
اتر کنڑا ایس پی دیپن ایم این، ایڈیشنل ایس پی کرشنا مورتی، سرسی کی ڈی ایس پی گیتا پاٹل کی رہنمائی میں منڈگوڈ سی پی آئی رنگناتھ نیلمّناور، گوکرن سی پی آئی شری دھر ایس آر، منڈگوڈ پی ایس آئی منجوناتھ گوڈر اور دیگر پولیس افسران پر مشتمل ٹیم نے قتل کی تفتیش اور اس جرم میں شامل ملزمان کی گرفتاری کی کارروائی انجام دی۔