بھٹکل 29/ اگست (ایس او نیوز) تعلقہ کے شرالی چیک پوسٹ کے قریب کل پیر کی رات پیش آئے ایک سڑک حادثے میں ایک خاتون نے زخموں کی تاب نہ لاکر آج منگل کو منی پال اسپتال میں دم توڑ دیا، جس کی شناخت سیتا گوند نائک (33) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
اطلاع کے مطابق بھٹکل شرالی کی رہنے والی سیتا کی شادی سات سال قبل ہوناور کے ایک شخص سے ہوئی تھی، جس کے بعد اُس کی کوئی اولاد نہیں تھی، پیر کو وہ اپنی صحت کی جانچ کرنے کے بعد بھٹکل ریلوے اسٹیشن پہنچی تھی اور رات قریب نو بجے اپنے بھائی کی بائک کی پچھلی سیٹ پر سوار اپنی ماں کے گھر شرالی مائون کٹہ جارہی تھی کہ اچانک پیچھے سے آرہی ایک بولیرو پیک آپ سے اس کی بائک کی ٹکر ہوگئی۔ ٹکر لگتے ہی پچھلی سیٹ پر سوار سیتا سڑک پر گرگئی جس کے نتیجے میں اس کے سر کو شدید چوٹ لگی۔
سیتا کو فوری طور پر بھٹکل سرکاری اسپتال میں ابتدائی طبی امداد پہنچانے کے بعد را ت کو ہی منی پال لے جایا گیا ، مگر آج صبح اُس کی موت واقع ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ حادثے میں بائک سوار داسا بھیرا نائک کو معمولی چوٹ لگی ہے۔
بھٹکل مضافاتی پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے اور پولس پورے معاملے کی جانچ کررہی ہے۔