لکھنؤ،23؍ اکتوبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) گجرات اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا گرچہ اعلان نہیں ہوا ہے ؛ لیکن پارٹیاں اپنی اپنی سرگرمیاں دکھانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہی ہے ۔ سماج وادی پارٹی کے صدر اور سابق وزیر اعلی اتر پردیش اکھلیش یادو نے گجرات اسمبلی کی پانچ نشستوں پر اپنے امیدوار کھڑا کرنے کا اشارہ دیا ہے ۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی اشارہ دیا کہ ہم کانگریس کی راہوں میں حائل نہیں ہونا چاہتے ۔ گجرات اسمبلی انتخابات کے تناظر میں اکھلیش یادو سابق وزیر اعلی یوپی نے کہا کہ گجرات میں سیکولر طاقتوں کو کمزور نہیں ہونا چاہیے ۔ صحافیوں سے گفتگو کے درمیان انہوں نے کہا کہ ہم گجرات میں انتخابی مہم کے تحت انتخابی مہم کریں گے اگر کوئی پارٹی ہمیں بی جے پی کے خلاف انتخابی مہم میں مدعو کرتی ہے ، ہم ضرور حصہ لیں گے ؛ کیونکہ ہمارا واضح مقصد بی جے پی کو شکست دینا ہے ۔ اکھلیش یادو نے بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نوٹ بندی اور جی ایس ٹی سے عوام پریشان ہیں ؛ لیکن پھر بھی بی جے پی کے رہنما ’ وکاس ‘ کی بات کرتے ہوئے تھکتے نہیں۔ اکھلیش یادو نے یہ بھی کہا کہ پانچ نشستوں پر سپا کے امیدوار کھڑے ہوں گے ، بقیہ سیٹوں پر کانگریس کی حمایت کی جائے گی ۔ واضح ہو کہ گجرات اسمبلی میں182 نشستیں ہیں۔اس وقت گجرات میں بی جے پی کی حکومت ہے اور بی جے پی تین دہائیوں سے اقتدار پر مسلط ہے ۔