بنگلورو،2؍نومبر(ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور) آنے والے اسمبلی انتخابات میں اقتدار پر آنے کی کوشش کے طور پر بی جے پی نے آج اپنی پریورتن یاترا کی شروعات کی۔ بی جے پی کے قومی صدر امیت شا نے پارٹی کو اقتدار پر لانے کیلئے جدوجہد کے اعلان کے ساتھ اس ریلی کی شروعات کی۔ بنگلور انٹرنیشنل ایگزی بیشن سنٹر کے میدان میں منعقدہ اس یاتراکے افتتاحی جلسہ میں بڑی تعداد میں بی جے پی کارکنوں نے شرکت کی، جہاں لیڈروں نے کرناٹک کو کانگریس سے آزاد کرانے کا عزم کیا۔ امیت شا کی قیادت میں شروع ہونے والی یاترا ریاست بھر میں 75 دنوں تک جاری رہے گی۔کل سے اس یاترا کی قیادت ریاستی بی جے پی صدر بی ایس یڈیورپا کریں گے۔ بی جے پی لیڈروں نے الزام لگایا کہ کانگریس کی بدنظمی کی وجہ سے عوام کافی پریشان ہیں۔اسی لئے جلد از جلد اس حکومت کو بے دخل کرکے بی جے پی کواقتدار پر لانا چاہئے۔ بی جے پی نے دعویٰ کیا کہ اگلے 75دنوں تک چلنے والی ریلی میں ایک لاکھ موٹر بائیک سوار حصہ لیں گے۔ ریاست کے سبھی 224 اسمبلی حلقوں میں یہ یاترا جائے گی اور ہر حلقہ میں پارٹی کارکنوں سے رابطہ کیا جائے گا۔ دن میں یڈیورپا روزانہ کم از کم تین عوامی جلسوں سے خطاب کریں گے۔ اس پریورتن یاترا کا اختتام 25جنوری کو وزیر اعلیٰ سدرامیا کے اسمبلی حلقہ چامنڈیشوری میں ہوگا ،جہاں وزیراعظم مودی مہمان خصوصی ہوں گے۔ 8؍نومبر کو یہ یاترامرکیرہ پہنچے گی اور 10نومبر کو ٹیپو جینتی کی مخالفت کیلئے یہاں جلسہ کا منصوبہ بنایا گیا تھا، تاہم ریاستی حکومت کی طرف سے اس کی اجازت نہ ہونے کے سبب کورگ ضلع چھوڑ کر ریاست بھر میں یہ یاترا جاری رکھی جائے گی۔ 28جنوری کو بنگلور میں یاترا کا اختتام ہوگا۔ یاترا کے افتتاحی جلسہ میں کرناٹک میں بی جے پی امور کے انچارج مرلی دھر راؤ ، مرکزی وزراء اننت کما ر ،سدانند گوڈا ، ریاست میں بی جے پی کے انتخابی انچارج مرکزی وزیر ریلویز پیوش گوئل پریورتن یاترا کی ذمہ دار رکن پارلیمان شوبھا کارند لاجے ، بی جے پی لیڈران آر اشوک ، جگدیش شٹر ، ایشورپا اور دیگر نے شرکت کی۔
یوگیشوراور راجیو بی جے پی میں شامل:آج بی جے پی کی پریورتن یاترا کے افتتاحی جلسہ کے موقع پر ریاستی اسمبلی کے دو اراکین سی پی یوگیشور چن پٹن اور راجیو کڑچی بی جے پی میں شامل ہوگئے۔ بی جے پی کے قومی صدر امیت شا کی موجودگی میں ان دونوں نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی۔ بی ایس آر کانگریس ٹکٹ پرکڑچی میں گزشتہ انتخابات میں منتخب ہونے والے راجیو نے باضابطہ بی جے پی کو اختیار کیا۔ جبکہ چن پٹن اسمبلی حلقہ سے سماج وادی پارٹی کے ٹکٹ پر منتخب ہونے کے بعد کانگریس کے اسوسی ایٹ ممبر بننے والے سی پی یوگیشور نے حال ہی میں کانگریس کی بنیادی رکنیت کو خیر باد کہہ کر بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی۔اس دوران بی جے پی لیڈروں نے دعویٰ کیا کہ مزید 20اراکین اسمبلی بشمول تین موجودہ وزراء وزیر اعظم مودی کی موجودگی میں 28جنوری کو بی جے پی میں شامل ہوجائیں گے۔