ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / تین طلاق پر سپریم کورٹ کا فیصلہ تاریخی، مگر بی جے پی کی پالیسی دوغلی:کانگریس

تین طلاق پر سپریم کورٹ کا فیصلہ تاریخی، مگر بی جے پی کی پالیسی دوغلی:کانگریس

Wed, 23 Aug 2017 11:36:04    S.O. News Service

نئی دہلی،22اگست(ایس او نیوز/آئی ا ین ایس انڈیا)تین طلاق پر سپریم کورٹ کے فیصلے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کانگریس نے اس کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ تعصب کو دور کرنے اور خواتین کے حقوق کو بحال کرنے کی سمت میں یہ فیصلہ بہت اہم ثابت ہوگا۔کانگریس نے ساتھ ہی بی جے پی پر الزام لگایا کہ وہ اس معاملے میں دوغلی پالیسی پر چل رہی ہے کیونکہ اگر وہ مسلم خواتین کے مفادات کو لے کر اتنی ہی فکر مند تھی تو اسے سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کئے بغیر ہی تین طلاق کو محدود کرنے کے لئے قانون بنا دیناچاہئے تھا۔

پارٹی کے چیف ترجمان رندیپ سرجیوالا نے کہا کہ کانگریس پارٹی سپریم کورٹ کے اس تاریخی فیصلے کا خیر مقدم کرتی ہے۔تین طلاق اسلامی رواج اور اسلامی تعلیم کے خلاف ہے،تین طلاق اسلامی فقہ کے دو بنیادی مراکز قرآن اور حدیث کے خلاف ہے۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے اس فیصلے سے امتیازی سلوک اور استحصال دور ہوگا اور خواتین کے حقوق بحال ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی کہا تھا کہ ہم اس معاملے پر سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کریں گے اور وہ جو بھی فیصلہ ہوگا، وہ سب کو قبول ہوگا۔

بی جے پی کی طرف سے اس مسئلے پر شروع سے اپنا رخ واضح رکھنے اور کانگریس کی طرف سے اس کا رخ واضح نہیں کئے جانے کے بارے میں سوال کئے جانے پر سرجیوالا نے کہا کہ ہم نے شروع سے ہی فون، وہاٹس ایپ، ای میل وغیرہ کے ذریعے فوری طلاق کی مخالفت کی تھی اور ہمارے فیصلے کو سپریم کورٹ کے فیصلے کی طرف سے ثابت کر دیا گیا ہے۔انہوں نے بی جے پی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس طرح کے معاملات کا استعمال ووٹ کی سیاست کے لئے نہیں کرتے، جیسا کہ آج کی حکمراں پارٹی کرتی ہے اور اگر یہ اس کا موقف تھا تو وہ قانون کے ساتھ کیوں نہیں آئی؟ اس نے سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کیوں کیا؟ سرجیوالا نے کہا کہ بی جے پی کو یہ دوغلی پالیسی بند کرنی چاہئے کہ ادھر بھی چلیں گے اور ادھر بھی چلیں گے، اگریہ ان کا موقف تھا تو ان کی پارلیمنٹ میں اکثریت ہے۔


Share: