ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / جموں وکشمیرمیں لاء اینڈآرڈر میں اصلاحات ہوئیں:حکومت

جموں وکشمیرمیں لاء اینڈآرڈر میں اصلاحات ہوئیں:حکومت

Thu, 20 Jul 2017 10:39:24    S.O. News Service

نئی دہلی، 19؍جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )مرکزی حکومت نے جموں کشمیر میں قانون و انتظام کی حالت میں گزشتہ ایک سال میں کافی بہتری آنے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ تشدد سے دور رہ کر آئین کے دائرے میں کام کرنے والی تمام تنظیموں سے وہ بات چیت کے لیے تیار ہے۔مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ ہنس راج اہیر نے آج راجیہ سبھا میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جموں و کشمیر حکومت کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک سال میں ریاست کے لاء اینڈآرڈر میں کافی بہتری آئی ہے۔اعداد و شمار کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال درج ہوئے 2897معاملات کے مقابلے میں اس سال اب تک 583معاملے ہی درج کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس کے لیے ریاستی پولیس کی طرف سے قانون وانتظام کو بہتر بنانے کے لیے کی گئی کوششوں کے تحت2016میں 12650علیحدگی پسندوں کو گرفتار کیا گیا،ساتھ ہی احتیاطی قوانین کے تحت فسادیوں اور علیحدگی پسندوں پرروک لگانے کے ساتھ علیحدگی پسند وں کی تشدد کی سازشوں کو ناکام کرنے کے لیے حساس علاقوں میں کرفیو لگاتے ہوئے ریاست میں سیکورٹی فورسز کی طرف سے سخت چوکسی برتی جا رہی ہے۔اہیر نے کہا کہ فسادیوں کو سماج کے مرکزی دھارے میں لانے کے لیے کئے جا رہے خصوصی اقدامات کے تحت پولیس کی طرف سے ان کے ساتھ رابطہ بڑھانے کے لیے کھیل کودکے مقابلوں کاانعقاد ، کمیونٹی پولیس نظام اور فسادیوں کو سمجھانا وغیرہ شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو انتہا پسندی کے راستے سے دور لے جانے کے لیے انہیں روزگار کے مواقع مہیا کرانے سمیت انہیں مرکزی دھارے میں لانے کی پالیسیوں کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔اس کے لیے 10ہزار ایس پی او کی اضافی بھرتی، نو تشکیل شدہ پانچ انڈیا ریزرو بٹالینوں میں تقریبا 5381اہلکاروں کی بھرتی، مرکزی مسلح پولیس فورسز اور آسام رائفلز میں 1079اہلکاروں کی بھرتی کے لیے منظوری دی گئی ہے۔


Share: