بنگلورو،29؍جون(ایس او نیوز) شہر کے راجہ راجیشوری نگر اسمبلی حلقہ میں ترقیاتی کاموں کے نام پر کروڑوں روپیوں کی بدعنوانیوں کی سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کرتے ہوئے آج بی بی ایم پی کونسل کی ماہانہ میٹنگ میں بی جے پی نے زبردست ہنگامہ کیا اور الزام لگایا کہ اس معاملے میں میئر جی پدماوتی جانبدارانہ رویہ اختیار کررہی ہیں۔ آج کونسل میٹنگ میں پچھلی بار کی طرح اس اسمبلی حلقہ سے نمائندگی کرنیو الے تین خاتون کارپوریٹروں کانگریس کی آشا سریش ، بی جے پی کی ممتاواسو دیو اور جنتادل (ایس) کی منجولانارائن سوامی نے مقامی رکن اسمبلی منی رتنا پر اجارہ داری کرنے کا الزام لگاتے ہوئے ان کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔ آج جیسے ہی کارروائی شروع ہوئی آشا سریش نے میئر کے سامنے آکر ان کے وارڈ میں مسلسل ہورہی ناانصافی کی مذمت کی۔ممتا واسو دیو نے ان کا ساتھ دیتے ہوئے منی رتنا پر سخت حملہ کیا اور میئر سے شکایت کی کہ ان کے ساتھ ناانصافی ہورہی ہے۔میئر پدماوتی نے کہاکہ کل ہی اس مسئلے پر انہوں نے راجہ راجیشوری نگر کے تمام عہدیداروں کو طلب کرکے بات چیت کی ہے۔ممتا واسو دیو نے اپنا دھرناجاری رکھا اس پر مداخلت کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر پدمانابھا ریڈی نے کہاکہ راجہ راجیشوری نگر کے تین وارڈوں کی خاتون کارپوریٹروں کو جس طرح منی رتنا نے ہراساں کیاہے اس سے ظاہر ہوتاہے کہ خاتون منتخب نمائندوں کوتحفظ کرنے میں بی بی ایم پی اور ریاستی حکومت کس قدر ناکام رہی ہے۔ کانگریس کی آشا سریش نے کہاکہ ان کے وارڈ میں ان پر 120کروڑ روپیوں کے گھپلے کاالزام لگایا گیاہے، وہ یہ واضح کردیناچاہتے ہیں کہ وہ کوئی میئر یا بی بی ایم پی کمشنر نہیں کہ ایک حکمنامہ یا دستخط کے ذریعہ اتنی بڑی رقم منظور کردیں۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ میئر فوراً اس معاملے میں مداخلت کریں اور خاتون کارپوریٹروں کو اس مشکل سے باہر نکالیں۔ خاتون کارپوریٹروں کی طرف سے ان کے وارڈ میں درپیش مشکلات کی ایک ایک کرکے نشاندہی کرائی ۔میئر نے اس سلسلے میں فوراً تحریری جواب طلب کرنے اور مناسب کارروائی کا یقین دلایا۔