نئی دہلی، 7؍نومبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) سی بی آئی کی خصوصی عدالت 2 جی اسپیکٹرم گھوٹالے سے منسلک تین مقدمات میں اب پانچ دسمبر کو طے کرے گی کہ فیصلہ کب سنایا جائے گا۔ اس معاملے میں سابق وزیر مواصلات اے راجا اور ڈی ایم کی لیڈر کنی موجھی سمیت کئی ہائی پروفائل صنعت کاروں پر بھی الزامات لگے ہیں ۔ اس معاملے کی سماعت کرنے والی سی بی آئی کی خصوصی عدالت اب پانچ دسمبر کو طے کرے گی کہ کب فیصہ آئے گا۔ کورٹ تین مقدمات میں فیصلہ سنائے گی جس میں دو کیس سی بی آئی کے ہیں اور ایک کیس ایڈی کا ہے۔سی بی آئی کے پہلے کیس میں اے راجا اور کنی موجھی سمیت سابق ٹیلی مواصلات سکریٹری سدھارتھ اور راجا کے سابق پرائیویٹ سیکرٹری بھی اس معاملے میں ملزم ہیں۔ ان کے ساتھ سوان ٹیلی کام کے پرموٹرس، یونی ٹیک کے منیجنگ ڈائریکٹر، ریلائنس انیل دھیرو بھائی امبانی گروپ کے تین سینئر افسر اور کلینٹر ٹی وی کے ڈائریکٹرز بھی ملزم قرار دیئے گئے ہیں۔ تین ٹیلی کمپنیاں، سوان ٹیلی کام پرائیویٹ لمیٹڈ، ریلائنس ٹیلی لمیٹڈ اور یونی ٹیک وائرلیس (TN) لمیٹڈ پر بھی اس معاملے میں کیس چلا ہے۔ عدالت نے اکتوبر 2011 کو تینوں کے خلاف الزامات طے کیے تھے۔