بیروت،27جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ا یس انڈیا): لبنان اور شام کی سرحد پر واقع اسٹریٹیجیک نوعیت کے لبنانی قصبے عرسال میں شیعہ عسکری تنظیم حزب اللہ اور جہادی عسکریت پسندوں کے درمیان لڑائی رک گئی ہے۔ یہ جھڑپیں جارود عرسال کے علاقوں میں گزشتہ ہفتے سے جاری تھیں۔ فریقین نے طے شدہ جنگ بندی پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے۔ یہ جنگ بندی جمعرات ستائیس جولائی کی صبح مقامی وقت کے مطابق چھ بجے سے شروع ہوئی ہے۔ اطراف نے ہر قسم کی فائرنگ اور شیلنگ روک دی ہے۔ حزب اللہ کے ٹیلی وژن چینل المنار نے بھی اس فائربندی کی اپنی ویب سائٹ پر تصدیق کی ہے۔ لبنان کی قومی نیوز سروس نے بھی شیعہ عسکری تنظیم اور سنی جہادیوں کے درمیان لڑائی بند ہونے کو رپورٹ کیا ہے۔